جیمز بونڈ ایک بار پھر زخمی، فلم کی شوٹنگ ملتوی

May 15, 2019

ہالی ووڈ کی مشہور و معروف فلم جیمز بانڈ 007 کے ہیرو ڈینیئل کریگ ایک بار پھر زخمی ہوگئے، جمائیکا میں فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے ٹخنے میں چوٹ آئی۔

غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق 51 سالہ ڈینیئل کریگ بہترین کپڑوں میں ملبوس فلم کے اختتامی سین میں سے ایک کی فلمبندی کرارہے تھے، اس دوران جب وہ بھاگے تو مضحکہ خیز انداز میں پھسل کر زخمی ہوگئے، انہیں ایکسرے اور طبی امداد کیلئے امریکا بھجوادیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے کے بعد ڈینیئل کریگ مزید جھنجھلاہٹ کا شکار ہوگئے، انہوں نے اپنا کوٹ بھی اتار کر زمین پر پھینک دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کریگ کی چوٹ شدید نوعیت کی نہیں ہے، امید ہے وہ ایک ہفتے میں سیٹ پر واپس آجائیں گے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ڈینیئل کریگ فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے، انہیں اپنے تمام مشکل سین خود فلمبند کرانے کا شوق ہے، اس سے قبل وہ جیمز بانڈ سیریز کی ایک فلم کوانٹم آف سولیس کی شوٹنگ کے دوران ایک بار اپنی پسلیاں اور کندھا بھی زخمی کراچکے ہیں۔

ڈینیئل کریگ 2005ء میں جیمز بانڈ فلم کسینو رویال کی شوٹنگ کے دوران گر کر اپنے دانت بھی تڑوا چکے ہیں، جس کے بعد لندن سے ان کے ڈاکٹر کو دانتوں کی کیپنگ کیلئے فلم کے سیٹ پر بلوایا گیا تھا۔