اداکار بریڈلے کو گولی مار کر قتل کردیا گیا

April 19, 2019

معروف ہالی ووڈ اداکار بریڈلے ویلش کو ایڈن برگ میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اداکار بریڈلے ویلش کو اسکارٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈن برگ میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق 42 سالہ اداکار بریڈلے ویلش کو اپارٹمنٹ کے قریب گولی مار کر قتل کیا گیا۔ عینی شاہد نے ایڈن برگ پولیس کو بتایا کہ بریڈلے ویلش کو حملہ آور نے سر پر گولی ماری، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

 

پولیس کے مطابق انہیں رات آٹھ بجے کے قریب ایک زخمی شخص کی سڑک پر موجودگی کی اطلاع ملی۔ عینی شاہدین کے بیاناتا قلمبند کرنے کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔

اداکاری میں قدم رکھنے سے قبل بریڈلے برطانیہ میں باکسنگ کی پریکٹس کیا کرتے تھے، وہ سابق برطانوی لائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن بھی رہ چکے ہیں۔ بریڈلے اداکاری کے ساتھ ساتھ خیراتی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔

 

اداکار کی موت کی خبر پھیلتے ہی سوشل میڈیا پر تعزیت کا سلسلہ شروع ہوگیا۔