فیصل قریشی پاکستانی ویب سیریز ’بادشاہ بیگم‘ میں ولن بننے کیلئے تیار

April 15, 2019

اداکار فیصل قریشی ویب سیریز’’بادشاہ بیگم‘‘ میں ولن کا کردار ادا کریں گے۔

فیصل قریشی نے ویب سیریز میں کام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ڈرامہ سیریز میں ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔

اداکار فیصل قریشی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے کئی کامیاب پروجیکٹس کا حصہ بن چکے ہیں اور انہوں نے اپنی کارکردگی سے شوبز میں اپنی ایک کامیاب پہچان بھی بنالی ہے۔

تاہم اب وہ کیریئر کے اس موڑ پر کچھ نیا کرنے کا ارادہ کررہے ہیں۔فیصل قریشی بہت جلد ایک ویب سیریز کے ساتھ ڈجیٹل دنیا میں قدم رکھنے جارہے ہیں۔

وہ اپنی پہلی ویب سیریز میں اداکارہ ایمان علی کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے، جو رافع راشدی پروڈکشنز کے بینر تلے بنائی جارہی ہے۔

ویب سیریز ’بادشاہ بیگم‘ بھائی بہنوں کے درمیان جھگڑوں کی کہانی ہے، اس میں خاندانی سیاست، صنفی تفریق اور مردوں کی حکومت دکھائی جائے گی۔

فیصل قریشی کا کردار اس سیریز کا ولن ہوگا،اس ویب سیریز کا اسکرپٹ سجی گل نے تحریر کیا ہے۔

رپورٹس ہیں کہ اس کی ریلیز رواں سال اکتوبر کے بعد ہوگی، تاہم فی الحال اس کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔