ہالی ووڈ اداکار نے شادی کے4 روز بعد علیحدگی کی درخواست دیدی

April 2, 2019

معروف ہالی ووڈ اداکار نکولس کیج نے شادی کے 4 روز بعد ہی اسے ختم کرنے کی درخواست دائر کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق معروف امریکی اداکار نکولس کیج نے شادی کے 4 روز بعد ہی اپنی شادی کی منسوخی کی درخواست دائر کی ہے، جس کی وجہ دونوں کے درمیان پہلے روز سے ہی شروع ہونے والے اختلافات ہیں۔

نکولس کیج نے 4 روز قبل اپنی دیرینہ دوست ایریکا کوئیکی سے شادی کی تھی، تاہم اب انہوں نے اپنی شادی کی منسوخی کی درخواست دائرکردی ہے۔ جوڑے نے خفیہ طور پر ہفتے اور بدھ کے روز شادی کے لائسنس کے لیے درخواست دی تھی۔

دوسری جانب اداکار نکولس کا کہنا ہے کہ شادی سے قبل وہ نشے میں تھے اور انہیں ایریکا کے مجرمانہ ریکارڈ کا پتا نہیں تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایریکا ایک عادی نشئی بھی رہ چکی ہیں، جب کہ سال 2008 اور 2011 میں ان کے خلاف مختلف جرائم میں ایف آئی آر بھی کاٹی گئی تھی۔ جب کہ عدالتی کاغذات کے مطابق اداکار نکولس کو شادی کی منسوخی کی اجازت نہیں دی جاسکتی بلکہ انہیں اپنی 4 روزہ شادی کو ختم کرنے کے لیے قانونی طور پر طلاق کے لیے رجوع کرنا پڑے گا۔

 

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اداکار نکولس کیج اس سے قبل بھی تین بار شادیاں کرچکے ہیں، یہ ان کی چوتھی شادی ہے۔ اس وقت نکلولس کیج کی عمر 55، جب کہ ان کی اہلیہ 34 سالہ میک آپ آرٹسٹ ہیں۔

دونوں کی جانب سے گزشتہ ماہ 23 مارچ کو شادی کی درخواست دی گئی تھی۔ اس سے قبل نکلولس کیج کی ایلکس کیم سے سال 2004 سے 2016 تک شادی چلی۔ ایلکس سے قبل لیزا میری سال 2002 سے 2004 تک ان کی اہلیہ رہیں۔ کیج نے سب سے پہلے شادی سال 1995 میں پیٹریسیا سے کی تھی، جو 2001 تک چلی۔