آسکر ایوارڈز کی تقریب ، 30 سال میں پہلی بار میزبان کے بغیر ہوگی

January 10, 2019

ہالی ووڈ اداکار کیون ہارٹ کے آسکر ایوارڈز کی میزبانی سے انکار کے بعد 30سال میں پہلی بار باقاعدہ میزبان کے بغیر ایوارڈ تقریب منعقد ہوگی۔

اداکار کیون ہارٹ کے 25فروری کو ہونے والے 91 ویں آسکر ایوارڈز کی میزبانی سے انکار کے بعد آسکر پروڈیوسرز متعدد ہالی وڈ شخصیات کے ایوارڈ شو کے مختلف حصوں کا اعلان کرنے اور جیتنے والے اداکاروں کو ایوارڈ پیش کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کے لئے وہ خواہشمند نامور شخصیات کی تلاش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں نامزدگیوں کا اعلان 25جنوری کو کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں اداکار کیون ہارٹ نے حالیہ مارننگ شو’’گڈ مارننگ امریکا‘‘ میں اپنے انٹرویو میں آسکر ایوارڈ کی میزبانی سے انکار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ رواں سال آسکرز کی میزبانی نہیں کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کیون ہارٹ نے 2009اور2011میں ٹویٹر پر ہم جنس پرستی کے متعلق متنازعہ بیانات دیئے جن میں انہوں نے نازیبا الفاظ کا بھی استعمال کیا جس پر آسکرز انتطامیہ نے انہیں معافی مانگنے کے لئے کہا تاہم انہوں نے آسکر ایوارڈ کی میزبانی سے انکار کر دیا۔