Friday, January 22, 2021  | 7 Jamadilakhir, 1442
ہوم   > Latest

سال 2018 کی سپر فلاپ بالی ووڈ فلمیں

SAMAA | - Posted: Dec 20, 2018 | Last Updated: 2 years ago
SAMAA |
Posted: Dec 20, 2018 | Last Updated: 2 years ago

بالی ووڈ میں 2018 کا سال  بالی ووڈ پر راج کرنے والے خانز کے لیے کچھ اچھا نہیں گزرا جہاں استری، بدھائی ہو،اندھادھن، دھڑک جیسے چھوٹے بجٹ اور بنا اسٹار کاسٹ کی فلمیں ہٹ ہوئیں وہیں کثیر سرمائے اور مہان اسٹار کاسٹ کے ہوتے ہوئے بڑی فلموں نے پروڈیوسرز کا سارا سرمایا ڈبو دیا۔ سال 2018 میں کون کون سی فلموں نے شائقین سنیما کو مایوس کیا اس کی ایک مختصر تفصیل کچھ یوں ہے۔

“ٹھگز آف ہندوستان”

عامر خان کو بالی ووڈ کا مسٹر پرفیکٹ کہا جاتا ہے ،ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی فلموں کے اسکرپٹ سے لے کر پروموشن تک کو اتنی باریک بینی سے دیکھتے ہیں کہ اس میں کہیں کوئی جھول کوئی خامی نہیں رہنے دیتے مگر اس بار”ٹھگز آف ہندوستان”کو سائن کرتے ہوئے ان سے بھاری چُوک ہوگئی۔ ایک کمزور اسکرپٹ کی وجہ سے یہ فلم باکس آفس پر بری طرح پٹ گئی،گو کہ فلم  میں بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن بھی موجود تھےاور ایسا پہلی بار ہونے  جارہا تھا کہ عامر خان اور امیتابھ بچن ایک ساتھ اسکرین شئیر کر رہے تھے مگر اس تمام تر اٹریکشن کے باوجود بھی”ٹھگز آف ہندوستان”فلم بینوں کو اپنی طرف متوجہ نہیں کر پائی اور یوں 350 کروڑ کے لگ بھگ میں تیار ہونے والی یہ فلم بھارت سے محض 155 کروڑ کا بزنس ہی کر پائی،گو کہ بعد میں فلم کے بری طرح فلاپ ہونے کی ذمہ داری عامر خان نے اپنے سر لیتے ہوئے اپنے مداحوں سے معافی بھی مانگی تھی مگر عامر خان اور امیتابھ بچن کے ہوتے ہوئے بھی یہ سال 2018 کی سب سے بڑی فلاپ فلم تھی،یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ فلم کو صرف بھارت میں 5000 اسکرین ملے اور اس فلم نے اپنے پہلے ہی دن 50 کروڑ سے زائد کما لیے تھے جو اب تک پہلے دن کسی بھی فلم کا سب سے زیادہ بزنس کا ریکارڈ ہے۔

  ” ریس3″

بالی ووڈ کے دوسرے خان سلمان خان کا کیریئر اس وقت بام عروج پر ہے،سلمان خان کا نام کسی بھی فلم کے ساتھ جڑ جائےتو اس کی کامیابی کی ضمانت پکی ہو جاتی ہے مگر 2018 کا سال سلمان خان کے لیے بھی کچھ اتنا اچھا نہیں رہا۔ اس سال نہ صرف ان کی پروڈیوس کردہ فلم “لویاتری”باکس آفس پر فلاپ رہی بلکہ ریس جیسی کامیاب سیریز کا تیسرا ایڈیشن” ریس3″بھی فلم بینوں کو متاثر نہ کر سکی ،گو کہ فلم نے پروڈیوسرز کے پیسے ڈوبنے سے بچا  تولیے مگر فلم سے جھولیاں بھر بھر کر کمانے کی جو امید تھی فلم ان توقعات پر پورا نہ اتر سکی اورسلمان خان کی تمام تر اسٹارڈم پاور کے باوجود یہ فلم اپنے بجٹ سے محض 50 کروڑ ہی زیادہ کما پائی جب کہ فلم ناقدین اور پروڈیوسرز کے مطابق 115 کروڑ کے بجٹ سے بننی والی اس فلم کو کم ازکم350 کروڑ کی کمائی کرنی چاہیے تھی،مگر فلم باکس آفس پر صرف165 کروڑ ہی کما سکی، فلم کے فلاپ ہونے کی وجہ کمزور اسکرپٹ کے ساتھ ساتھ ریمو ڈی سوزا کی کمزور ڈائرکشن بھی تھی،اس سے قبل ریس سیریز کی دونوں فلموں کی ہدایت کاری کے فرائض ہدایتکار بھائیوں کی جوڑی عباس مستان  نے دی تھی  جو سسپنس فلمیں بنانے کے حوالے سے بہت زیادہ مشہور ہیں جب کہ ریس سیریز کی گزشتہ دو کامیاب فلموں میں مرکزی کردار سیف علی خان نے نبھایا تھا۔

 “بازار”

بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کا فلمی کیریئرگزشتہ کئی سالوں سے ڈگمگا رہا ہے ،ان کی5 سال میں اتنی فلاپ فلمیں آئی ہیں کہ فلم بینوں کواب  ان کی آخری کامیاب فلم کا نام تک یاد نہیں اس سال بھی سیف علی خان کی دو فلمیں”قلاقندی” اور”بازار” دونوں  باکس آفس پر بری طرح پٹ گئیں،گو کہ“بازار”میں سیف علی خان نے اپنے کردار میں ڈوب کر اداکاری کی ہے ،مگر ان کی یہ جانداری اداکاری ایک کمزور اسکرپٹ کی حامل فلم کو فلاپ ہونے سے نہ بچا پائی ،فلم کو سیف علی خان کے دیرینہ دوست پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نکھل ایڈوانی نے پروڈیوس کیا تھا جس کی کُل لاگت 40 کروڑ تھی مگر  “بازار”باکس آفس پر اپنے بجٹ کا صرف آدھا ہی کما پائی اور یوں سیف  سلمان اور عامرکے بعد تیسرے خان ہیں جن کےلیے 2018 کا سال کچھ اتنا اچھا نہیں رہا۔

“نمستے انگلینڈ”

بالی ووڈ کے نامور پروڈیوسر بونی کپور کے صاحبزادے اور انیل کپور کے ہونہار بھانجے ارجن کپور ان دنوں سلمان خان کی طلاق یافتہ بھابھی ملایئکہ اروڑا سے اپنےرشتے کو لے کر کافی خبروں میں ہیں مگر سال 2018 میں باکس آفس  سے آنے والی خبریں ان کے لیے کچھ اتنی اچھی نہیں  رہیں۔ ہدایتکار وپل شاہ نے جب اپنی سال 2007 کی کامیاب فلم نمستے لندن کا سیکوئیل بنانے کااعلان کیا تو اس کے ساتھ ہی انھوں نےسیکوئیل میں اکشے کمار کی بجائے ارجن کپور کو کاسٹ کرنے کا عندیہ دیا،ارجن کپور کی خاصیت یہ بھی ہے کہ انھوں نےاپنے کیرئیرمیں  اب تک کسی بھی اداکارہ کے ساتھ ایک فلم کرنے کے بعد دوبارہ کام نہیں کیا ، “نمستے انگلینڈ” یہ پہلا موقعہ تھا جب ارجن نے اپنی پہلی فلم عشق زادے کی کو ایکٹر پرنیتی چوپڑا کے ساتھ اسکرین شئیر کیا،مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ جوڑی باکس آفس  پر کوئی جادو نہ جگا سکی اور 60 کروڑ کے کثیر سرمائے سے بننے والی یہ فلم باکس آفس پر 8 کروڑ بھی نہ جوڑ پائی اور  فلم کے 9 پروڈیوسرز کے پیسے باکس آفس کی گنگا میں ڈوب گئے۔

“فنے خان”

 اسی فہرست میں انیل کپور، ایشوریا رائے اور راجکمار راؤ کی میوزک، کامیڈی اور ایموشنز سے بھرپور فلم “فنے خان” کا نام بھی آتا ہے،ایک ایسے وقت میں جب انیل کپور اور ایشوریا رائے کا فلمی کیریئر کچھ اتنا اچھا نہیں چل رہا۔ فلم کا باکس آفس پر پٹ جانا ایک لازمی امر تھا،تمام تر مصالحہ موجود ہونے کے باوجود بھی فلم کسی کو بھی متاثر نہ کر سکی  اور 35 کروڑ کے سرمائے سے بننے والی فلم تمام تر ہاتھ پیر مارنے کے باوجود باکس آفس سے محض 9 کروڑ ہی کما پائی ۔اس طرح ایشوریا رائے کا ایک بار پھر کم بیک ایک فلاپ فلم کے ساتھ رہا،فلم کے پروڈیوسرز میں چونکہ انیل کپور بھی شامل تھے تو ان کے زخم کچھ زیادہ ہی ہرے ہوں گے،بہرحال اپنی کمزور ڈائرکشن کی وجہ سے”فنے خان”  کا باکس آفس پر ہٹ ہونا ایک خام خیالی ہی تھا۔

“زیرو”

شاہ رخ خان کی فلم زیرو کے متعلق باکس آفس سے آنے والی رپورٹس بھی کچھ خاص نہیں لگ رہیں،اور لگتا ہے کہ شاہ رخ اس سال وہ چوتھے خان ہوں گے جن کی فلم 2018 میں ایک میگا فلاپ ثابت ہوگی،200 کروڑ کے کثیر سرمائے سے بننے والی یہ فلم تادم تحریر چار دن میں باکس افس سے 50 کروڑ بھی اکھٹا نہ کر پائی ہے،حالانکہ عامر خان کی ٹھگز آف ہندوستان کے پہلے دن کی کمائی ہی 50 کروڑ سے زائد تھی مگر اس کے باوجود وہ باکس آفس پر بری طرح پٹ گئی تھی اور اب یہی حال شاہ رخ کی فلم زیرو کا ہونے جا رہا ہے،زیرو کا فلاپ ہونا صرف اداکار شاہ رخ خان کے لیے دھچکا ثابت نہ ہوگا بلکہ پروڈیوسر شاہ رخ خان جو کہ فلم زیرو کے پروڈیوسر بھی ہیں کے لیے بھی ناقابل تلافی نقصان کی خبر لے کر آئے گا،دوسری جانب زیرو کا فلاپ ہونا ہدایتکار آنند ایل رائے جن کی صلاحتیوں کے سبھی معترف ہیں کی صلاحیتوں پر بھی سوالیہ نشان لگا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سال 2018 میں شاہد کپور اور شردھا کپور کی “بتی گُل میٹر چالُو”دیول فیملی کی “یملہ پگلا دیوانہ پھر سے”اور ورن دھون کی “اکتوبر” بھی شائقین کو زیادہ متاثر نہ کر پائیں  اور باکس آفس پر بری طرح پٹ گئی۔ 

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube