اداکارہ مادھوری ڈکشٹ انتخابات میں بھی حصہ لیں گی

December 6, 2018

بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے انتخابات میں بھی حصہ لیں گی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بالی وڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کو 2019 کے عام انتخابات کیلئے پُونے کی لوک سبھا سیٹ سے امیدواروں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

رواں سال جون میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے چیف امیت شاہ نے بالی وڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ سے ملاقات کی تھی جہاں انہوں نے مادھوری سے بی جے پی کی حمایت کرنے کا کہا تھا۔ مادھوری کے ساتھ ساتھ امیت شاہ نے بھارتی کرکٹ اسٹار کپل دیو ، صنعت کار رتن ٹاٹا، یوگا گرو بابا رام دیو سمیت کئی نامور شخصیات سے پارٹی کی حمایت کیلئے ملاقات کی تھی۔

مادھوری ڈکشٹ سے پہلے بالی وڈ کی مختلف اداکارائیں بھی سیاست میں کافی سرگرم رہ چکی ہیں۔ جن میں تیلگو فلموں کی کامیاب اداکارہ جیا للیتا بھی شامل ہیں جو ریاست تامل ناڈو کی وزیر اعلیٰ بھی رہ چکی ہیں۔

اس کے علاوہ جیا بچن، جیا پرادا، ہیما مالنی،کرن کھیر، شبانہ اعظمی اور پونم ڈھلون سمیت کئی اور نام بھی شامل ہیں۔