مشہور زمانہ مزاحیہ ڈرامہ ’الف نون ‘ کی واپسی

November 8, 2018

پی ٹی وی پر نشر کئے جانے والا مشہور زمانہ ڈرامہ سیریز ’الف نون‘ پر فیچر فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈرامہ سیریز ’الف نون‘ پر فلم بنانے کی خبر نے جہاں بہت سے لوگوں کوخوش کردیا۔

کمال احمد رضوی کا تحریر کردہ یہ ڈرامہ 1965 میں پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا۔’الف نون ‘ماضی کے شاہکار ڈراموں میں سے ایک تھا ۔یہ ڈرامہ کمال رضوی صاحب نے خود تحریر کیا اور خود ہی اس ڈرامہ میں ہدایت کار کے فرائض بھی انجام دیے جبکہ رفیع خاور مرحوم نے اس ڈرامے میں ’ننھا‘ کا لازوال کردار ادا کیا۔ ۔

رضوی صاحب یعنی (الن ) کا کردار ایک چالاک بزنس مین کا تھاجو آئے روز پیسے کمانے کے نئے نئے طریقے سوچتے تھے ننھا کا کردار فرنٹ مین کا ہوتا تھا۔الن کی تمام چلاکیاں اس وقت دھری رہ جاتی تھیں جب ننھا عوام کے سامنے سچ بول دیتا تھا اور بزنس پلان فیل ہوجاتا تھا۔یہ ڈرامہ شائستہ مزاح کا بہترین نمونہ تھا جس میں کسی کا دل دکھائے بغیر لوگوں کو تفریح کا سامان فراہم کیا جاتا تھا۔

اس ڈرامے میں مصنف نے وہ تمام برائیاں جو آج بھی ہمارے معاشرے میں پائی جاتی ہیں مزاح کے پیرائے میں بیان کیں،احمد کمال رضوی صاحب کا مزاح سبق آموز بھی تھا۔اس ڈرامے کا نام ”الف نون“ ڈرامے کے پروڈیوسر آغاناصر نے رکھا تھا۔

تاہم حال ہی میں گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے اس بات کا اعلان کیا کہ ‘الف نون’ پر فیچر فلم بنائی جارہی ہے، جس میں وہ الن کا کردار ادا کریں گے جبکہ ننھا کا کردار فیصل قریشی نبھائیں گے ۔

گلوکار شہزاد رائے نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ الف نون فیچر فلم آئندہ برس ریلیز ہوگی۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریز ‘الف نون’ 1965 سے 1985 تک مختلف وقفوں سے چار مرتبہ پیش کی جاچکی ہے۔