جنم دن کے موقع پر امیتابھ بچن کا جنسی ہراسانی کے معاملے پر پیغام

October 11, 2018

بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے زندگی کی 76بہاریں دیکھ لیں، اپنے جنم دن کے موقع پر امیتابھ بچن نے کہا کہ کسی بھی خاتون کو بالخصوص کام کی جگہ پر کسی قسم کی بدتمیزی اور غلط رویے کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

جنم دن کے موقع پر ٹوئٹر پر انٹرویو دیتے ہوئے امیتابھ بچن نے کہا کہ ایسے واقعات فوری طور پر انتظامیہ کے نوٹس میں آنے چاہئیں اور اس پر ضروری اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں خواہ متعلقہ انتظامیہ سے کہا جائے یا پھر قانون کا سہارا لیا جائے۔

امیتابھ بچن نے کہا کہ شہری، سماجی، معاشرتی اقدار اور تہذیب کو ابتدائی کورس میں پڑھانے کی ضرورت ہے، خواتین معاشرے کے کمزور رکن ہونے کی وجہ سے اس کی زد پر ہیں، انہیں خصوصی تحفظ درکار ہے لیکن ہمارے ملک میں کام کرنے والی خواتین کے ساتھ یہ سلوک دیکھ کر میرا دل افسردہ ہے، اگر ہم خواتین کو ان کے مطابق وقار اور عزت نہ دے سکیں تو یہ ہمارے لیے ایک ایسا داغ ہوگا جو کبھی نہیں مٹ سکے گا۔

یاد رہے کہ رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن11اکتوبر1942میں پیدا ہوئے تھے، وہ ہر سال اپنی سالگرہ مناتے رہے تاہم اس مرتبہ انھوں نے چند روز قبل ہی اپنی بیٹی کی ساس کی فوتگی کے باعث سالگرہ نہ منانے کا اعلان کر دیا تھا۔

بالی وڈ فلم انڈسٹری کے 4 دہائیوں پر مشتمل سفر میں انہوں نے بے شمار فلمیں دیں، ان کی مشہور فلموں میں ’’شعلے،زنجیر، باغبان، دیوار،سلسلہ، شرابی،مقدر کا سکندر،کالیا نمک حلال، کولی،شہنشاہ، ڈان ،نصیب،ہم، چینی کم، کبھی کبھی اور دیگر کئیں فلمیں شامل ہیں، اداکار کو متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا۔