ہندوؤں کے جذبات مجروح کرنے پر اداکار سلمان خان کے خلاف مقدمہ درج

Samaa Web Desk
September 13, 2018

بالی ووڈ کے دبنگ خان سلمان خان پروڈکشن کی فلم’لوراتری‘ریلیز سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔

بھارتی ریاست بہار کے علاقے مظفرپور کی مقامی عدالت نے سلمان خان سمیت 7 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا، اداکار کے خلاف ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کا مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔

فلم کا ٹائٹل لوراتری ہندؤں کے مذہبی تہوار نوراتری پر رکھا گیا ہے، نوراتری ہندؤں کا مذہبی تہوار ہے جو نو دن تک جاری رہتا ہے۔

ایشن نیوز انٹرنیشنل نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ مظفرپور کی عدالت میں ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا کی جانب سے شکایت درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم کا نام ’لوراتری‘سے ہندوؤں کے جذبات مجروح ہوئے اور مذہبی تہوار کا مذاق اڑایا گیا ہے۔

ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا کی جانب سے 6 ستمبر کو مقدمہ درج کیا گیاجس کی سماعت سب ڈیوژن جوڈیشیل مجسٹریٹ شایلندھرا کمار نے گزشتہ روز کی۔

گزشتہ دنوں فلم لوراتری کا گانا ’رنگراتری ‘ بھی ریلیز کیا گیا جسے اداکار سلمان خان نے سراہتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ انہیں گانا سن کر بہت مزہ آیا ۔

واضح رہے کہ فلم’لوراتری‘سلمان خان کے بہنوئی آیوش شرما اور ورینہ حسین کی ڈیبیو فلم ہے، جو 5 اکتوبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔