فخر عالم کی گاڑی کو پولیس وین کی ٹکر، آئی جی سندھ کا نوٹس

September 7, 2018

کراچی میں معروف گلوکار فخر عالم کی گاڑی کو پولیس موبائل نے ٹکر مار دی، آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔ فخر عالم نے کہا ہے کہ وی آئی پی پروٹوکول میں شامل گاڑی نے ٹکر ماری، پولیس اہلکاروں نے ہراساں بھی کیا ۔

کراچی میں معروف گلوکار فخر عالم کی گاڑی کو پولیس موبائل کی ٹکر کے معاملے کا آئی جی سندھ نے نوٹس لے لیا اور ڈی آئی جی ساؤتھ سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔

فخر عالم نے پولیس موبائل میں بیٹھے سادہ لباس اہلکاروں پر سوالات کی بوچھاڑ کردی اور ساتھ ہی ویڈیو بھی بنا ڈالی۔

فخر عالم کے مطابق پولیس اہلکاروں کے پاس لائسنس تھا نہ شناختی کارڈز، گاڑی کس تھانے کی تھی، کس کا پروٹوکول تھا، بتانے سے بھی کتراتے رہے۔

گلوکار فخرعالم نے سماء کے پروگرام کھرا سچ میں گفتگو کے دوران سوال اٹھایا تھا کہ جمہوریت کے چیمپئن بننے والے کہاں ہیں۔

گلوکار فخرعالم کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ طور طریقہ اب نہیں چلے گا، پاکستان بدل چکا ہے۔