ہالی ووڈ کے سینیر اداکار برٹ رینالڈز چل بسے

September 7, 2018

معروف ہالی ووڈ اداکار برٹ رینالڈز 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ہالی ووڈ کی متعدد فلموں میں جاندار اور لازوال اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف امریکی اداکار برٹ رینالڈز عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طبیعت خراب ہونے پر برٹ رینالڈز کو فلوریڈا کے اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ اس موقع پر ان کے اہل خانہ اور دیگر افراد بھی اسپتال میں موجود رہے۔

فٹ بال کے میدان سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے برٹ رینالڈز نے 70 کی دہائی کی کئی مشہور فلموں میں کام کیا۔ 80 کی دہائی میں کئی فلموں کی ہدایت کاری بھی کی۔ وہ ہالی ووڈ کی تاریخ کے بہترین اداکاروں میں شمار کئے جاتے تھے۔

کرشماتی شخصیت کے مالک برٹ رینالڈز کچھ عرصے سے علیل تھے۔ رینالڈز گولڈن گلوب ایوارڈ یافتہ اداکار تھے، تاہم وہ بہترین معاون اداکار کی حیثیت سے آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

برٹ رینالڈز نے 1981 میں فلوریڈا اسٹیٹ یونی ورسٹی سے اعزازی ڈگری بھی حاصل کی۔ رینالڈز نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ٹی وی شوز ’’گن اسموک‘‘ اور ’’ڈین اگست‘‘ جیسے مشہور پروگرامز سے کیا، تاہم انہیں شہرت 70 کی دہائی میں بننے والی فلم ’’ڈیلیورنس‘‘ کے کردار لیوس میڈلاک سے ملی۔

برٹ رینالڈز کے کیریئر میں 200 سے زائد فلمیں، ٹی وی پروگرامز شامل ہیں، جب کہ وہ کئی ملٹی پل اسٹار فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئے، جس میں 1974 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم ’’دی لانگسٹ یارڈ‘‘ اور 1977 میں ’’اسموک اینڈ دی بینڈٹ‘‘ شامل ہے۔ سال 1996 میں ’’اسٹرپٹیز‘‘ اور 1997 میں ’’بوگی نائٹز‘‘ نے بھی شہرت حاصل کی، جو انہیں آسکر تک لے گئی۔

 

برٹ رینالڈز کی زندگی کی دو اہم فلمیں رواں سال اور اگلے سال 2019 میں ریلیز ہونگی۔ ونس آپون آ ٹائم ان ہالی ووڈ میں رینالڈز کے ساتھ لیونارڈو ڈی کیپریو، بریڈ پٹ اور مارگوٹ روبی نے بھی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائیں ہیں۔

برٹ رینالڈز اس سے قبل 2010 میں دل کی سرجری بھی کراچکے تھے۔ رینالڈز کے مینجر کا سی این این سے گفت گو میں کہنا تھا کہ برٹ کے دل میں لگنے والے پائپ اچھی حالت میں تھے۔

برٹ رینالڈز نے سال 1963 میں جوڈی کارنی کو اپنا شریک سفر بنایا، جو 1965 تک ان کی شریک حیات رہیں، جس کے بعد سال 1988 میں برٹ نے لونی اینڈرسن کیساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا، یہ شادی بھی صرف 1988 سے 1993 تک ہی چلی۔ لونی اینڈرسن سے برڈ کا ایک بیٹا بھی ہے، جس کا نام کوئینٹون اینڈرسن رینالڈز ہے۔