کیا انوشکا شرما بھی بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل؟

August 10, 2018

ان دنوں سوشل میڈیا پر گردش کرتی بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کی بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ تصویر شدید تنقید کا شکار ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے سوال کیا گیا ہے کہ آفیشل تصویر میں کھلاڑیوں کے ہمراہ انوشکا کیوں موجود ہیں۔

لندن میں لی گئی تصویر بھارتی ہائی کمیشن کے اندر کی ہے، جس میں پوری بھارتی کرکٹ ٹیم نظر آرہی ہے اور درمیان میں سب سے آگے انوشکا شرما بھی کھڑی ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھارتی کرکٹ ٹیم کی آفیشل تصویر میں انوشکا کی موجودگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کا نائب کپتان سب سے پیچھے کھڑا ہے جب کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی خاتون اول سب سےآگے کھڑی ہیں اور اب کچھ دنوں بعد وہ لوگوں کو اس حوالے سے لیکچر دیتی ہوئی بھی نظر آئیں گی۔

 

ایک صاحب کی جانب سے یہ بھی لکھا گیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کس طرح کسی کی بیوی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ آفیشل وزٹ پر جانے کی اجازت دے سکتا ہے، جب کہ ایک نے طنزیہ لہجہٰ اختیار کرتے ہوئے لکھا کہ انوشکا شرما کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ دیکھ کر بڑی خوشی ہورہی ہے، کیا انوشکا انگلینڈ کے خلاف اگلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ہیں؟۔

 

ایک صاحب کی جانب سے انوشکا کی طرفداری کرتے ہوئے کہا گیا کہ کوئی بات نہیں، ان کی بھی زندگی ہوتی ہے، جس پر جوابی ٹوئٹ میں ایک صارف نے لکھا کہ اس میں شک نہیں کہ ان کی بھی نجی زندگی ہوتی ہے مگر یہ ایک آفیشل فنکشن تھا، کوئی فیملی کی تقریب نہیں۔