مہدی حسن کو خراج عقیدت،گوگل کا ڈوڈل شہنشاہ غزل کےنام

Samaa Web Desk
July 18, 2018

دنیا کے معروف سرچ انجن گوگل کی جانب سے لیجنڈ گلوکار مہدی حسن کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

شہنشاہ غزل مہدی حسن کی اکیانوے ویں سالگرہ بدھ کے روز منائی جارہی ہے، اس موقع پر گوگل کی جانب سے بھی سروں کے بادشاہ کو خراج عقیدت کے طور پر ڈوڈل ان کے نام کیا گیا ہے۔

شہنشاہ غزل اور سروں کے بے تاج بادشاہ مہدی حسن نے جو گایا کمال گایا۔ مہدی حسن کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی، تمغہ امتیاز اور ہلال امتیاز سے نوازا، جب کہ حکومت نیپال نے مہدی حسن کو گورکھا دکشنا بہو کا اعزاز عطا کیا۔

مہدی حسن نے اپنی کیریئر کا پہلا فلمی گیت ’جس نے میرے دل کو درددیا‘ 1962 میں ریلیز ہونے والے فلم ’سسرال‘ میں گایا تھا، جسے بے حد پسند کیا گیا۔انہوں نے مجموعی طور پر 50ہزار سے زائد فلمی وغیرفلمی گیت، نغموںاور غزلوں میں آواز کا جادو جگایا۔

انہیں بھارت کے سب سے بڑے ثقافتی ایوارڈ سہگل ایوارڈ سے نوازا گیا تھاجبکہ بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر نے مہدی حسن کے گلے کو بھگوان کا گھر قرار دیا۔ مہدی حسن کا انتقال 13 جون 2012ء کو کراچی میں ہوا جہاں وہ آسودہ خاک ہیں۔