کینسرسے نبردآزماسونالی بیندرے کی نئی تصاویراورویڈیوجاری

July 12, 2018

بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے نے چند روز قبل اپنے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو گئی ہیں۔ ان کے پرستاروں کیلئے یہ خبر کسی شاک سے کم نہ تھی۔ہائی گریڈ کینسرکی تشخیص کے بعد سونالی ان دنوں نیو یارک میں زیرعلاج ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ وہ سوشل سائٹس پر اپنے مداحوں اور دیگر شوبز ساتھیوں سے بھی رابطے میں رہتی ہیں جوان کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

حال ہی میں باہمت اداکارہ نے کینسرکیخلاف جنگ کے آغاز سے قبل بنائی گئی ایک ویڈیو شیئرکی ہے جس میں وہ اپنے بالوں کی قربانی دے رہی ہیں۔

معروف مصنفہ ایزابیل ایلندے کی چند لائنیں نقل کرتے ہوئے سونالی نے لکھا کہ ’’ہمیں تب تک یہ علم نہیں ہوتا کہ ہم کتنے مضبوط ہیں جب تک ہمیں اس چھپی ہوئی طاقت کا مظاہرہ کرنے پرمجبور نہیں کیا جاتا۔ کسی سانحے کے وقت، جنگ میں، ضرورت کے اوقات میں لوگ حیرت انگیز کام کرجاتے ہیں۔ بقا اور تجدید کیلئے انسانی صلاحیت شاندار ہے ‘‘۔

تصاویر اور ویڈیوشیئر کرنے کے علاوہ سونالی اپنے شوبزساتھیوں اور مداحوں کی جانب سے بھیجی جانے والی نیک خواہشات کا جواب بھی دے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ سونالی بیندرے نے اہنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1994 میں فلم ’’آگ ‘‘ سے کیا تھا جو ناکام ہوئی مگر دراز قد اور پرکشش سونالی نے سب کے دل میں اپنی جگہ بنا لی۔ بعد میں سونالی نے دل جلے ، آگ،بھائی ، سرفروش ،میجر صاحب ،دل ہی دل میں،ڈپلی کیٹ ، ،ٹکراور زخم جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

فلم نگری کے علاوہ سونالی نے کئی ٹی پروگرامز اور رئیلٹی شوز میں جج اور میزبان کے فرائض بھی سرانجام دیے۔ممبئی میں پیدا ہونے والی سونالی کا تعلق مہارشٹر سے ہے اس لیے انہوں نے بنا کسی دقت کےتمل ، تیلگو اور مراٹھی فلموں میں بھی کام کیا۔