جنسی ہراسانی کے الزامات:علی ظفرکی سماء سے خصوصی گفتگو

April 22, 2018

گلوکارعلی ظفر کا کہنا ہے کہ وہ می ٹو مہم کے حامی اور جنسی ہراسانی کے سخت خلاف ہیں بغیر ثبوت کے کسی کی عزت نہیں اچھالنی چاہیے۔ سماء کے سینیئرتجزیہ کارسے گفتگومیں میشا شفیع کے خلاف عدالت جانے کااعلان کردیا۔

میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات پر سماء کے سینیئر تجزیہ کارحماد غزنوی سے خصوصی گفتگو میں علی ظفرنے کہا کہ میں می ٹو مہم کا بہت بڑا سپورٹر ہوں۔ جنسی ہراسانی کے واقعات کہیں بھی ہوں، ان کی مذمت کرتا ہوں لیکن بنا ثبوت کسی پرکیچڑاچھالنا ٹھیک نہیں۔

علی ظفر نے کہا کہ وہ میشا شفیع کے خلاف عدالت جائیں گے۔ الزامات کی وجہ بتاتے ہوئے علی کا موقف تھا کہ میشا کے بے بنیاد الزامات کی وجہ ایک ٹی وی شو کا کانٹریکٹ ان سے لے کر مجھے دیا جانا ہے۔

دوسری جانب میشا شفیع الزامات لگانے کے بعد سے خاموش ہیں۔سماء نے ان سے رابطے کی بار بار کوشش کی لیکن میشا شفیع کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔