خوشی کے آنسو، ان کیلئے جو میرے ساتھ رہے

April 10, 2018

ممبئی: نایاب کالے ہرن کےکیس میں ضمانت ملنے کے بعد سلمان خان نے مداحوں کی جانب سے اپنی حمایت پران کا بھرپور شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں سلمان خان نے اپنے پرستاروں کیلئے لکھا کہ ’’خوشی کے آنسو، میرے ان پیاروں کیلئے جو میرے ساتھ رہے اور امید نہیں ہاری۔ میرے لیے اتنے پیار اور حمایت کا بہت شکریہ‘‘۔

واضح رہے کہ جودھ پور کی عدالت نے 5 اپریل کو نایاب کالے ہرن کے شکار سے متعلق کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روہے جرمانہ کی سزا سنائی تھی، اداکار کو عدالت سے جیل منتقل کر دیا گیا تھا جہاں عدالت سے دو دن بعد ان کی ضمانت منظور ہونے کے بعد رہا کیا گیا۔ اس دوران سلمان خان کے مداحوں نے ان کی حمایت میں بھرپور آواز اٹھائی تھی۔

سلمان خان پر یہ مقدمہ سال 1998 میں فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران قائم کیا گیا تھا، راجھستان میں کیے جانے والے اس شکار کے دوران گاڑی میں سلمان خان کے علاوہ اداکار سیف علی خان، سونالی باندرے، نیلم اور تبو بھی شامل تھے جنہیں بری کردیا گیا۔