عمران خان نئی پاکستانی فلم ’’کیک‘‘ کے مداح نکلے

Samaa Web Desk
March 9, 2018

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو نئی پاکستانی فلم ’’کیک‘‘ بھا گئی۔ گزشتہ روزکیک کا پریمیئر دیکھنے کے بعد عمران خان نے ٹوئٹر پر تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

عمران خان نے گزشتہ روز اسلام آباد میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اور قریبی دوست زلفی بخاری کے ہمراہ فلم کیک کی کاسٹ سے ملاقات کی اور فلم دیکھی۔ زلفی بخاری اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں۔

فلم سے محظوظ ہونے کے بعد عمران خان نے کاسٹ کے ہمراہ تصاویربھی بنوائیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ یہ فلم اور اداکاری کا معیار دونوں ہی متاثرکن ہیں۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو سامنے لانا ابھی باقی ہے۔

واضح رہے کہ کیک کے ہدایتکار عاصم عباس ہیں جبکہ اس کے مرکزی کرداروں میں اداکارہ آمنہ شیخ، صنم سعید ، عدنان ملک اور دیگرشامل ہیں۔ آمنہ اور صنم نے فلم میں بہنوں کاکردارادا کیا ہے۔ فلم رواں ماہ کے آخر میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم دیکھنے پر زلفی بخاری نے بھی ٹوئٹر پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔