معروف بھارتی فلمی شخصیات میں صلح ہوگئی

Samaa Web Desk
January 10, 2018

ممبئی : بھارت کے معروف ہدایتکار کرن جوہر اور مشہور اداکارہ کنگنا رناوت کے درمیان صلح ہوگئی، بالی ووڈ کوئن نے کرن کے ساتھ ریالٹی شو میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ ہدایتکار کرن جوہر اور اداکارہ کنگنا رناوت کے درمیان ایک سال سے جاری سرد جنگ کا خاتمہ صلح پر ہوگیا۔ کنگنا رناوت بھارتی ریالٹی شو ’انڈیاز نیکسٹ سپر اسٹار‘ میں اب کرن اور روہت شیٹھی کے ساتھ خصوصی شرکت کریں گی۔

اداکارہ کنگنا رناوت نے کرن کے شو میں شرکت کی دعوت پر حامی بھرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کافی بے تاب ہیں کیوںکہ یہ ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔

کنگنا رناوت نے گزشتہ برس فلمساز کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ میں انہیں ہی اقرباء پرور قرار دیا تھا، اداکارہ کے بیان کے بعد فلم نگری میں اپنے بچوں کو متعارف کرانے والے اداکاروں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا اور ساتھ ہی ایوارڈ شو میں کرن جوہر، سیف علی خان اور ورون دھون نے اداکارہ کا مذاق بھی اڑایا تھا۔ ویب ڈیسک