Monday, January 17, 2022  | 13 Jamadilakhir, 1443

پاکستان کے معاشی اشاریے اور زرِمبادلہ کے ذخائرمستحکم ہیں، وزیرِاعظم

SAMAA | - Posted: Dec 7, 2021 | Last Updated: 1 month ago
SAMAA |
Posted: Dec 7, 2021 | Last Updated: 1 month ago

 وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی اشاریے اور زرِمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، حکومت نے کرونا وباء سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات کا بہترین طریقے سے مقابلہ کیا، اب ملک کی معیشت پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت میکرواکنامک مشاورتی گروپ کا منگل کے روز اجلاس ہوا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے ناصرف گزشتہ حکومت کے وراثت میں چھوڑے ہوئےمعاشی بحرانوں بلکہ کرونا وباء سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات کا بہترین طریقے سے مقابلہ کیا اوراب معیشت پائیدارترقی کی طرف گامزن ہے۔ بڑے پیمانے کی صنعت کی پیداوار، ویلیوایڈیشن، ریونیواور برآمدات میں اضافہ واضح کرتا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیاں صحیح سمت میں جارہی ہیں اور رواں مالی سال کے اختتام پر معاشی ترقی گزشتہ مالی سال سے بھی زیادہ ہونے کی امید ہے۔

انھوں نے کہا کہ کرونا وباء کے دوران جب پوری دنیا کے ممالک معاشی مشکلات کا شکار تھے، حکومت کی بہترین حکمتِ عملی کی بدولت معاشی ترقی کی شرح 3.9 فیصد رہی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی بدولت گردشی قرضوں میں کمی ہوئی ہے، ریونیو میں 35 فیصد اضافہ ہوا، جس میں صرف ٹیکس کی مد میں لی گئی رقم میں ہی 32 فیصد اضافہ ہوا، برآمدات میں اضافہ، بڑے پیمانے کی صنعت کی پیداوار اور ویلیو ایڈیشن میں اضافہ خوش آئند ہے، صنعتی خام مال کی درآمد میں اضافہ ناصرف صنعتی ترقی بلکہ برآمدات اور مقامی کھپت کے نتیجے میں ریونیو میں اضافے کو یقینی بنائے گا۔

وزیرِ اعظم نے معاشی مشاورتی گروپ کے اراکین کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور معاشی ریلیف کو عوام تک جلد پہنچانے کے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، ڈاکٹر راشد امجد، ڈاکٹر سید سلمان شاہ، ثاقب شیرانی، ڈاکٹر اشفاق حسن خان، سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ، چیئرمین ایف بی آر محمد اشفاق احمد، وزارت خزانہ کے اقتصادی مشیر ڈاکٹر امتیاز احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عشرت حسین، سید سلیم رضا، ڈاکٹر اعجاز نبی، ڈاکٹر عابد قیوم سلہری اور ڈاکٹر ندیم الحق بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube