Friday, September 24, 2021  | 16 Safar, 1443

آن لائن ٹرانزیکشن پرمفت آئی بی ایف ٹی پرائسنگ برقرار

SAMAA | - Posted: Jun 16, 2021 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Jun 16, 2021 | Last Updated: 3 months ago

فائل فوٹو

اسٹیٹ بینک کی جانب سے ماہانہ 25,000روپے تک کی ٹرانزیکشن پر مفت آئی بی ایف ٹی پرائسنگ برقرار رکھی گئی ہے، تاہم جاری نئی ہدایات میں زیادہ رقوم پر محدود چارجز کی اجازت دی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے آئی بی ایف ٹی کے نرخوں کے تعین کے حالیہ طریقہ کار پر نظرثانی کرتے ہوئے اس میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بینک اور دیگر مالی ادارے پائیدار بنیادوں پر آئی بی ایف ٹی کی خدمات بلا معاوضہ فراہم کریں۔

نئی ہدایات میں بینکوں اور خدمات کے دیگر فراہم کنندگان کو آبادی کے پست آمدنی والے طبقات کے ڈجیٹل لین دین کو بلامعاوضہ جاری رکھنے کی ترغیب اور تحفظ فراہم کرتے ہوئے ان سے بلند مالیت کی ٹرانزیکشن پر معمولی فیس لینے کی اجازت ہے۔ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو یہ ہدایت کردی ہے کہ وہ انفرادی صارفین کو ماہانہ کم ازکم 25 ہزار روپے فی اکاؤنٹ/ والٹ ڈجیٹل طریقے سے رقوم منتقل کرنے کی سہولت مفت فراہم کریں۔ تاہم بینک رقم کی مجموعی حد کو بڑھا بھی سکتے ہیں۔ اس طرح انفرادی صارفین کو اپنی ماہانہ حدود میں رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مرتبہ رقوم کی منتقلی کا موقع ملے گا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 25 ہزار روپے فی اکاؤنٹ کی ماہانہ حد عبور ہونے کے بعد بینک اپنے صارفین سے ہر ٹرانزیکشن پر اس کی 0.1 فیصد رقم یا 200 روپے، جو بھی کم ہو، چارج کرسکتے ہیں۔

سٹیٹ بینک نے بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ ایک ہی بینک کے مختلف اکاؤنٹس میں رقوم کی ڈجیٹل منتقلی بدستور مفت رہے گی۔ مزید یہ کہ دوسرے بینکوں سے موصولہ رقوم پربھی کوئی چارجز لاگو نہیں ہوں گے۔ علاوہ ازیں، اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہےکہ وہ اپنےصارفین کو دوسرے بینکوں میں رقوم کی مفت منتقلی کی حد اور چارج شدہ فیس کے بارے میں باقاعدہ ایس ایم ایس، اپیلی کیشنز اور ای میل بھیج کر مطلع کریں۔ ہر ڈجیٹل ٹرانزیکشن کے بعد بینک اپنے صارفین کے رجسٹرڈ موبائل نمبرز پر انہیں مفت ایس ایم ایس بھیجنے کے پابند ہوں گے، جس میں انہیں ٹرانزیکشن کی رقم اور وصول شدہ چارجز درج کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہو۔

اسٹیٹ بینک نے عوام کو بلاتعطل ڈجیٹل خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی خاطر بینکوں کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے صارفین کے اکاؤنٹ/ والٹ سے رقوم منتقل کرنے کی ٹرانزیکشز کی تعداد کی حد ختم کردے، تاکہ انسداد منی لانڈرنگ (اے ایم ایل/سی ایف ٹی) یا دھوکہ دہی کے حقیقی خدشات موجود نہ ہوں۔

نوٹ: عوام سے درخواست ہے کہ کسی بھی شکایت کے موقع پر نیچے دیئے گئے ای میل ایڈریس پر رابطہ کریں یا فون کریں۔
اس ضمن میں شکایات کے لیے cpd.helpdesk@sbp.org.pk
یا ہیلپ لائن نمبر 021-111 727 273 پر رابطہ کریں۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube