Thursday, October 28, 2021  | 21 Rabiulawal, 1443

پروٹون نے سستی ترین سیڈان ساگا کی قیمت کااعلان کردیا

SAMAA | - Posted: Apr 5, 2021 | Last Updated: 7 months ago
SAMAA |
Posted: Apr 5, 2021 | Last Updated: 7 months ago

گاڑیاں بنانے والی کمپنی پروٹون پاکستان نے اپنی 1300 سی سی والی بی کٹیگری سیڈان کار ساگا کی تینوں اقسام کی قمیتوں کا اعلان کردیا۔

کمپنی کے اعلان کے مطابق مینول گیر سسٹم والی ساگا ایم ٹی کی قیمت 19 لاکھ 70 ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ آٹومیٹک کار ساگا اے ٹی کی قیمت 21 لاکھ 20 ہزار روپے ہوگی۔ تیسری اور سب سے بہتر قسم والی گاڑی ساگا ایس ہے جس کی قیمت 22 لاکھ 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

ساگا کو ہونڈا سٹی، ٹویوٹا یارس اور چنگان ایلسون کی کٹیگری میں شمار کیا جاسکتا ہے جبکہ 20 لاکھ روپوں سے کم قیمت ہونے کی بنیاد پر اس کی قسم ساگا ایم ٹی کو پاکستان میں سب سے سستی سیڈان قرار دیا جارہا ہے۔ کمپنی کی جانب سے اس ماڈل کی بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اب تک کی سب سے سستی سیڈان یعنی ایک علیحدہ ڈکی والی کار چنگان ایلسون کی پاکستان میں فروخت جاری ہے جس کی سب سے ارزاں قسم 22 لاکھ روپے کی ہے۔ یہ بھی ایک مینول سیڈان کار ہے۔

پاکستان میں ایف اے ڈبلیو آٹو موبائلز بنانے والی کمپنی الحاج نے ملائیشیا کی گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی پروٹون سے اشتراک کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ ہر سال 25 ہزار گاڑیاں تیار کرنے کی پیداواری گنجائش رکھتی ہے۔

پروٹون پاکستان کا مذکورہ 3 ویریانٹس کے علاوہ اپنی ایک اور سیڈان کار 1332 سی سی ساگا آر تھری بھی فروخت کرنے کا ارادہ ہے تاہم مذکورہ ماڈل کی صرف 100 گاڑیاں ہی بیچی جائیں گی جس کے خریداروں کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس گاڑی کی مینول قسم کی قیمت 21 لاکَھ 50 ہزار روپے جبکہ آٹومیٹک کار کی قیمت 24 لاکَھ 50  ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی ویب سائٹ پر اس گاڑی کی بکنگ کی جاسکے گی جس کے 10 دن بعد قرعہ اندازی کے ذریعے 100 افراد کو وہ گاڑیاں بیچی جائیں گی۔

آٹو ڈیولپمنٹ پالیسی 2016ء تا 2021ء کے تحت کمپنیوں کو ایک ماڈل کی 100 گاڑیاں درآمد کرنے کی اجازت ہوتی ہے جس کیلئے انہیں ڈیوٹی میں بڑی رعایت دی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ پروٹون ملائیشیا نے ساگا آر تھری صرف 2 ہزار کی تعداد میں بنائی ہے۔

عثمان انصاری جنہوں نے ایک آٹو شو کے دوران ملائیشیا کی درآمد شدہ سی بی یو (کمپلیٹلی بلٹ یونٹ) کی ٹیسٹ ڈرائیو لی تھی کا کہنا ہے کہ وہ کار سے بالکل بھی متاثر نہیں ہوئے، خاص طور پر اس لئے کہ اس کا اسٹیئرنگ بہت زیادہ بھاری تھا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ کمپنی یہ گاڑی چند تبدیلیوں کے ساتھ پاکستان میں لانچ کرے گی جو پہلے متعارف کرائی گئی گاڑی سے تھوڑی مختلف ہوگی۔

ملائیشیا میں 4 برس سے مقیم ایک تاجر عبدالوہاب نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ ملائیشیا میں یہ گاڑی کافی دکھائی دیتی ہیں اور ان کے پاس بھی ساگا کار ہے جس کی پرفارمنس سے وہ مطمئن ہیں۔

مزید جانیے: ملائیشین کمپنی پاکستان میں سستی ترین سیڈان کار لانچ کریگی

گزشتہ سال پروٹون اپنی ایس یو وی کراس اوور ایکس 70 لانچ کرچکی ہے۔ یہ وہی کار ہے جو ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو دسمبر 2019ء میں تحفے کے طور پر دی تھی۔

پروٹون نے آٹو ڈیولپمنٹ پالیسی کے تحت گرین فیلڈ اسٹیٹس حاصل کیا تھا۔ نئی کمپنیاں پروٹون، کیا، ہنڈائی، ایم جی موٹرز، سازگار اور چنگان پاکستان میں پہلے سے موجود ٹویوٹا، ہونڈا اور سوزوکی کے مقابلے میں کم ٹیکس ادا کریں گے۔

یہ پالیسی اور کمپنیز کی جانب سے محدود ڈیوٹی کے تحت گاڑیوں کے نئے ماڈلز کے اجراء کی میعاد جون 2021ء میں ختم ہورہی ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube