ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اسٹاک مارکیٹ میں مندی

May 16, 2019

اِنٹر بینک میں ڈالر 6 روپے 61 پیسے مہنگا ہو کر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 148 روپے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 144 روپے سے بڑھ کر 147 روپے پر پہنچ گیا۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق بلند سطح کے بعد انٹر بینک میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جس کے بعد ڈالر اب 146 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

انٹربینک میں ڈالر مہنگا ہونے کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی 3 روپے مہنگا ہوگیا۔

ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 144 روپے کی سطح پر آگیا

ڈالر کی اونچی اڑان کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی گئی، کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 600 پوائنٹس کی کمی آگئی۔

اسٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس 33 ہزار 600 کی سطح پر آگیا، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 85 ارب روپے کی کمی ہوگئی۔

گذشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 141.39 روپے پر بند اور اوپن مارکیٹ میں 146 روپے کا ہوگیا تھا، تاہم وزیراعظم کے نوٹس کے بعد 2 گھنٹے میں ہی ڈالر اوپن مارکیٹ میں 144 روپے کی سطح پر واپس آگیا۔