تجارتی خسارے میں کمی، ترسیلات زر میں اضافہ

Shakeel Ahmed
September 12, 2018

پاکستان کے تجارتی خسارے میں 1.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں تجارتی خسارہ 6 ارب 16 کروڑ ڈالر رہا، ترسیلات زر میں بھی 13.5 فیصد کے قریب اضافہ ریکارڈ کیا گیا، برآمدات بھی بڑھ گئیں۔

شماریات بیورو کی دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں تجارتی خسارے میں 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی تا اگست تجارتی خسارہ 6 ارب 16 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ برس اِس مدت میں تجارتی خسارہ 6 ارب 24 کروڑ ڈالر تھا، جو رواں سال 1.3 فیصد کم رہا۔

ایف بی ایس رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں مجموعی طور پر تجارتی خسارہ 37 ارب ڈالر جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 18 ارب ڈالر رہا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا اگست برآمدات 5.1 فیصد جبکہ درآمدات 1.1 فیصد بڑھ گئیں، برآمدات 3.7 ارب ڈالر اور درآمدات 9 ارب 83 کروڑ ڈالر رہیں۔

مالی سال 19-2018ء کے 2 ماہ میں ترسیلات زر میں بھی 13.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بیرون ملک سے پاکستانیوں نے 3.96 ارب ڈالر بھیجے۔ گزشتہ مالی سال اس عرصے میں بیرون ملک سے 3.49 ارب ڈالر بھجوائے گئے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کی نومنتخب حکومت معاشی صورتحال میں بہتری کیلئے فنانس بل میں نمایاں تبدیلی پر بھی کام کررہی ہے، اگلے چند روز میں تجاویز پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں گی۔