وفاقی حکومت کا گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

September 10, 2018

وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں ہونیوالے فیصلے سنادیئے۔ کہتے ہیں کہ کمیٹی نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ گیس کے حوالے سے تمام صوبوں میں کریک ڈاؤن کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کہتے ہیں کہ ایل پی جی صارفین کو قیمتوں میں سہولت دیں گے، ایہ سی سی کا اہم ایجنڈا گیس کی قیمتوں کا تعین تھا، سبسڈی کا مؤثر نظام وضع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی سی نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ گیس سے متعلق تمام صوبوں میں کریک ڈاؤن کریں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس  اسلام آباد میں ہوا، جس میں گیس کی قیمتوں کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز پر فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے طے کیا ہے کہ اس معاملے پر مزید غور کیا جائے گا، گیس کی قیمتوں میں 46 سے 186 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

ای سی سی نے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مزید تجاویز بھی طلب کرلیں، اجلاس میں کھاد کے کارخانوں کیلئے گیس پر سبسڈی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔