وزیر خزانہ کی گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کی تردید

Shakeel Ahmed
September 8, 2018

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔


وزیر خزانہ اسد عمر نے واضح کیا کہ گیس کی قیمتوں میں چالیس فیصد اضافے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں جب کہ بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں گیس اور بجلی کی قیمتوں کے ساتھ ٹیکس امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے ٹیکسٹائل کے شعبے کو برآمدات میں اضافے کی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد کی کوئی مدد نہیں کی جائے گی۔

نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں وزیر خزانہ نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کےلئے کوششیں تیز کرنے پر بھی زور دیا۔

ایک اور اجلاس میں کھاد انڈسٹری کی پیداوار کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کسانوں کو مناسب قیمت پر وافر کھاد کی فراہمی کو حکومتی ترجیح قرار دیا۔ کھاد کی دستیابی کےلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کردی۔