ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو10 کروڑ ڈالر قرضہ دیگا

Samaa Web Desk
September 7, 2018

ایشیائی ترقیاتی بینک نے بلوچستان میں پینے کے پانی اور زرعی پانی کی کمی پر قابو پانے کے منصوبوں کیلئے پاکستان کو 10کروڑ ڈالر قرضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی نے پاکستان کے لئے10 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے ، یہ قرضہ بلوچستان میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے استعمال ہوگا۔

 

اے ڈی بی اعلامیے کے مطابق بلوچستان میں واٹر ریسورس منصوبہ ژوب اور دریا مولا بیسن میں جاری ہے۔ آبی وسائل کی بہتری کیلئے بینک کی طرف سے بلوچستان حکومت کو رقم فراہم کی جائے گی۔

 

بلوچستان میں آبی وسائل کی بہتری اور نہری نظام بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دریائے ژوب اور ملا سے پانی کی ترسیل بہتر کی جائے گی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پانی کی دستیابی بہتر بنانے سے بلوچستان میں زرعی آمدنی اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ اے ڈی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے ” کلائمیٹ چینج اینڈ مٹیگیشن اسٹریٹیجی 30-2019 کے تحت قرضوں کی فراہمی کی منظوری دی تھی۔

 

اے ڈی بی کے صدر تاکی ہیکو ناکاؤ کا کہنا تھا کہ ایشیا اور بحرالکاہل نے گزشتہ 50 سال کے دوران تیزی سے ترقی کی اور غربت کے خاتمہ اور ترقی و خوشحالی کے نمایاں اہداف حاصل کئے، تاہم خطے میں ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے مزید مالی معاونت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک نے پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل کی نجکاری کی سفارش کرتے ہوئے نجکاری کیلئے تکنیکی مشاورت دینے کی بھی پیشکش کی تھی۔