ڈالرکی اونچی اڑان،موبائل سمیت دیگر مہنگی ہونے کا امکان

Samaa Web Desk
June 23, 2018

حکام نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام مزید مہنگائی کیلئے تیار ہوجائیں۔ ڈالر کی اُونچی پرواز کے ساتھ مہنگائی کا طوفان بھی آنے والا ہے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کھانے پینے کی چیزوں کے علاوہ دیگر اشیاء بھی مہنگی ہوسکتی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گھی اور کوکنگ آئل سمیت کھانے پینے کی درآمدی اشیا ، ڈیزل، پیٹرول، ٹرانسپورٹ، الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے رکن سینیٹر عتیق نے مہنگائی سے متعلق نئے طوفان کی تصدیق کردی۔

رکن قائمہ کمیٹی خزانہ سینیٹر عتیق احمد کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سریا، عمارتی سامان سمیت سب کچھ مہنگا ہو جائے گا، ڈالر کی اونچی اُڑان کے باعث درآمدی خام مال کی لاگت بڑھنے سے ملکی برآمدات مزید متاثر ہوں گی۔

حکام کے مطابق موبائل فون اور دیگر پرتعیش آئٹمز خصوصاً پیکنگ والی اشیا مہنگائی کے طوفان کی زد میں آئیں گی۔ واضح رہے کہ انٹربینک میں ڈالر 122 جب کہ اوپن مارکیٹ میں 125 تک پہنچ چکا ہے۔