Sunday, September 20, 2020  | 1 Safar, 1442
ہوم   > معیشت

پاکستان اور نیپال معیشت، تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر متفق

SAMAA | - Posted: Mar 5, 2018 | Last Updated: 3 years ago
SAMAA |
Posted: Mar 5, 2018 | Last Updated: 3 years ago

 

کھٹمنڈو : پاکستان اور نیپال نے معیشت، تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے نیپالی ہم منصب کھدگا پرشاد شرما اولی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں اہم امور پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیپالی ہم منصب کھدگا پرشاد شرما کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، وزیراعظم نے نیپالی ہم منصب کو جمہوری عمل کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی، جس کے نتیجے میں نئی حکومت قیام عمل میں آئی۔

وزیراعظم نے کھدگا پرشاد شرما اولی کو نیپال کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے ان کے انتخاب پر بھی مبارکباد دی، دونوں رہنماؤں نے باہمی اہمیت کے تمام امور پر بات چیت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیپال میں جمہوری عمل کی تکمیل کا خیرمقدم کرتا ہے اور امید ہے کہ اس سے پائیدار امن کے نئے دور کا آغاز ہو گا، پاکستان نیپال کی یکجہتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو اولین اہمیت کا معاملہ تصور کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے، یہ امر بڑا حوصلہ افزاء ہے کہ نیپال میں جمہوری عمل پھل پھول رہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی استحکام اقتصادی ترقی کی کلید ہے، پاکستان اور نیپال کئی عشروں سے اچھے دوست ہیں اور ثقافت، سیاحت، کھیلوں اور تعلیم کے میدان میں اشتراک کار کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے سارک کو علاقائی ممالک کے مابین تعاون کی جستجو کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم تصور کرتے ہوئے اس کے بارے میں بھی بات چیت کی، اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان اقتصادی روابط سیاسی تعلقات سے ہم آہنگ نہیں اور ان کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاک۔نیپال مشترکہ اقتصادی کمیشن اور مشترکہ اقتصادی کونسل کو از سر نو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ باہمی تجارت میں اضافہ ہو، عوامی روابط کو تقویت دینے پر بھی اتفاق پایا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور نیپال کے درمیان بین الاقوامی فورموں پر تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، ایک اہم علاقائی تنظیم کی حیثیت سے سارک کو ازسرنو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نیپالی وزیراعظم کھدگا پرشاد شرما اولی نے وفود کی سطح پر مذاکرات کئے، جس میں دونوں ممالک کے وزراء نے شرکت کی۔ اے پی پی

 

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube