پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کردیا، اسحاق ڈار

Samaa Web Desk
July 16, 2017

ishaq-dar-640x480

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ گیس سپلائی میں بہتری سے صنعتی شعبے کیلئے لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی۔ ملکی معیشت کا حجم پہلی بار تین سو ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت مانیٹری اینڈ فزیکل پالیسیز کوآرڈینیشن بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

وزیرخزانہ نے زرمبادلہ کے ذخائر تسلی بخش قرار دیئے اور کہا کہ ٹیکس محصولات میں چارسال کے دوران چوہتر فیصد اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال معاشی شرح نمو دس سال کی بلند ترین سطح پر رہی۔ نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں پانچ گنا اضافہ ہوا۔ دوہزار بارہ تیرہ کے مقابلے میں فی کس آمدنی میں بائیس فیصد اضافہ ہوگیا۔ اس وقت فی کس آمدنی سولہ سو انتیس ڈالر ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح بارہ سے چار اعشاریہ سولہ فیصد پر آگئی۔ اسٹیٹ بینک کے پالیسی ریٹ میں کمی آئی۔ موڈی سمیت عالمی ریٹننگ ایجنسیاں اور ادارے پاکستان کی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ سما