خوبصورت وادیوں میں روایتی فیسٹیول، غیر ملکی سیاحوں کی بھر شرکت

Farhan Adil
May 16, 2018

چترال کی خوبصورت وادی کیلاش میں جاری چلم جشٹ فیسٹیول میں فرانس، اٹلی اور آسٹریلیا سمیت ملک بھر کے سیاح بھی بھرپور شرکت کررہے ہیں۔

پاکستان کے ہر صوبے میں الگ الگ ثقافت کے رنگ بکھرے پڑے ہیں، امن و امان کی خراب صورتحال نے ملک بھر میں دیگر کاروبار کو نقصان پہنچا وہیں سیاحت کے شعبے کو بھی متاثر کیا، پاک فوج کی دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں نے سیاحوں کیلئے ایک بار پھر پاکستان آنے کی راہیں ہموار کردیں۔

برف پوش پہاڑوں، خوبصورت و سرسبز میدانوں اور دریاؤں سے بھری وادی چترال میں رنگا رنگ فیسٹیول جاری ہے، کیلاش میں جہاں فرانس، آسٹریلیا اور اٹلی سے سیاح اپنے خاندانوں کے ہمراہ پہنچے ہوئے ہیں جو خوبصورت مناظر، مقامی ثقافت اور روایات کے ساتھ ساتھ فیسٹیول کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت نے چترال میں سیاحوں کیلئے خیمہ بستی قائم کی ہے جس کا مقصد گھومنے کیلئے آنیوالے ملکی و غیر ملکی افراد کو سہولیات کی فراہمی ہے۔

کیلاش کی وادیوں بمبوریت، بریر اور رمبور میں چلم جشٹ فیسٹیول کئی روز سے جاری تھا جس کا آج اختتام ہوگیا، میلے میں خوبصورت ملبوسات پہنے خواتین، مرد اور بچوں نے روایتی رقص پیش کئے جبکہ مقامی کھانے بھی لوگوں کی توجہ کا بھرپور مرکز رہے۔