Friday, December 3, 2021  | 27 Rabiulakhir, 1443

ارجنٹائنی اسٹار میسی نے پیلے کا ریکارڈ توڑ دیا

SAMAA | - Posted: Sep 16, 2021 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Sep 16, 2021 | Last Updated: 3 months ago

فوٹو: اے ایف پی

بیونس آئرس کے مونومنٹل اسٹیڈیم میں 34  سالہ ارجنٹائنی کپتان لیونل میسی کی خوشی دیدنی تھی وہ پھولے نہیں سما رہے تھے ۔ ان کے پاس اپنی اس خوشی کو بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں تھے۔

میسی نے طویل عرصے سے  لیجنڈ فٹبالر پیلے کے جنوبی امریکہ کے سب سے زیادہ 77  انٹرنیشنل گول کے ریکارڈ کو توڑنے کا خواب اپنی آنکھوں میں بسا رکھا تھا جس کی تعبیر کا سنہری موقع انہیں ہوم گرائونڈ پر بولیویا کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2022  کوالیفائنگ رائونڈ میچ میں ملا جب انہوں نے ہیٹ ٹرک کر کے اپنی ٹیم کو 0-3  سے کامیابی دلوا دی اور اپنے انٹرنیشنل گولز کی تعداد کو 79  تک پہنچا دیا۔

لیونل میسی اب  جنوبی امریکہ میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول کرنے والے مرد فٹبالر بن گئے، میسی نے یہ کارنامہ ارجٹینا کی جانب سے اپنے 153 ویں انٹرنیشنل میچ میں انجام دیا۔

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر پیلے نے برازیل کی نمائندگی کرتے ہوئے  92  انٹرنیشنل میچوں میں 77 گول کیے تھے اور وہ چار فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں گول کرنے والے چار کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

برازیلین اسٹار پیلے کولون کینسرمیں مبتلا ہیں اور گزشتہ دنوں ان کی کولون کینسر کی سرجری ہوئی ہے اور انہیں چند روز آئی سی یو میں رکھنے کے بعد اب وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے  ان کی صحت بتدریج مستحکم ہو رہی ہے۔

80سالہ پیلے سائو پائولو کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں ان کا کہنا ہے کہ میں محسوس کررہا ہوں کہ مجھے  90 منٹ کے کھیل کے ساتھ ایکسٹرا ٹائم  میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔

پیلے کی صحت حالیہ برسوں کے دوران وقفے وقفے سے تشویش کا باعث رہی ہے اور  گزشتہ سال وہ مدد کے بغیر چل نہیں سکتے تھے انہیں گزشتہ چھ ماہ کے دوران دو بار ہسپتال میں داخل کروا گیا ۔ 2015  میں پیلے کی پروسٹیٹ سرجری ہوئی تھی۔

فٹبال کی دنیا میں سب سے زیادہ شہ سرخیوں کی زینت بننے والے کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی میں مسابقت کا سلسلہ جاری رہتا ہے پرتگالی کپتان رونالڈو نے بھی گزشتہ دنوں فیفا ورلڈ کپ کے یورپی کوالیفائنگ رائونڈ میچ میں مینز فٹبال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول کرنے کا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا تو ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی بھی ان سے پیچھے نہیں رہے اور  انہوں نے برازیل کے فٹبالر پیلے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

اس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ میں جنوبی امریکہ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بھی بن گئے۔ انہوں نے اپنے دیرینہ دوست لوئیس سواریز کو اس ریکارڈ سے محروم کر دیا۔

 بولیویا کے خلاف میچ کے 14 ویں منٹ میں لیونل میسی نے  پہلا گول کر کے پیلے کا ریکارڈ برابر کیا اور پھر 64 ویں منٹ میں لوتارو مارٹینز کے ساتھ ایک اچھی موو کے نتیجے میں اپنے دوسرے  گول کے ذریعے  برازیلین لیجنڈ  کا ریکارڈ توڑا ۔

میچ  کے 88 ویں منٹ میں  میسی نے تیسرا گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی جو انٹرنیشنل فٹبال میں ان کی ساتویں ہیٹ ٹرک ہے جبکہ فٹبال کیریئر میں یہ ارجنٹائنی اسٹار کی 55 ویں ہیٹ ٹرک ہے۔ میسی نے اپنے فٹبال کیریئر میں مجموعی طور پر 751  گول کیے ہیں۔

لیونل میسی اس سے قبل سائو پائولو میں برازیل کے خلاف میچ میں پیلے کا یہ ریکارڈ توڑ سکتے تھے لیکن وہ میچ ارجنٹینا کے چار فٹبالرز کے کرونا قرنطینہ رولز کی خلاف ورزی کے باعث برازیلی حکام نے مداخلت کر کے چند منٹ بعد ہی روک دیا تھا۔

برازیل کی ہیلتھ اتھارٹیز کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں پریمیئر لیگ سے سے آنے والے ارجنٹینا کے چار فٹبالرز نے برازیل میں داخلے کیلئےغلط بیانی سے کام لیا اور انہوں نے قرنطینہ رولز کی خلاف ورزی کی ہے۔  ابھی اس میچ کے ری پلے کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

 بولیویا کےخلاف اس یادگار میچ کو دیکھنے کیلئے لیونل میسی کی والدہ بیوی بچے اور 20 ہزار سے زائد  تماشائی  اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ میسی کا کہنا تھا کہ میرے اہل خانہ نے کرونا کے دوران خاصا مشکل وقت گزارا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ وہ اس تاریخی موقع پر میرے ساتھ ہیں۔  بولیویا کے خلاف میچ کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم  نے کوپا امریکہ ٹرافی  کی رونمائی بھی کی اور اپنے جنوبی امریکی فٹبال چیمپئن بننے کا جشن منایا۔

کیونکہ کرونا وبا کی وجہ سے برازیل کے خلاف کوپا امریکہ کا فائنل تماشائیوں کے بغیر ہوا تھا جس میں ارجنٹینا کو کامیابی نصیب ہوئی تھی اور لیونل میسی اپنے فٹبال کیریئر میں پہلی مرتبہ قومی ٹیم کو کوئی ٹائٹل جتوانے میں کامیاب ہوئے تھے ۔ اس طرح مونومنٹل اسٹیڈیم میں دہری خوشی کا جشن منایا گیا اور کھلاڑیوں نے کوپا ٹرافی کے ساتھ اسٹیڈیم کا چکر بھی لگایا۔

 ارجنٹینا کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچوں میں نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی لیونل میسی کوحاصل ہے۔ انہوں نے حال ہی میں  ژیویئر مشیرانو کا 147  میچوں کا ریکارڈ توڑا تھا۔

 ہسپانوی کلب بارسلونا نے پیلے کا ریکارڈ توڑنے پر اپنے سابق کھلاڑی لیونل میسی کو مبارکباد کا پیغام بھیجا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنے شاندار کھیل سے شائقین فٹبال کو محظوظ کرتے رہیں گے۔  میسی نے ارجنٹینا سے باہر اپنی زندگی میں صرف ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کی نمائندگی کی اوراس کلب سے ان کی طویل رفاقت کا خاتمہ ڈرامائی انداز میں ہوا اب وہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین ( پی ایس جی )  سے منسلک ہو گئے ہیں جہاں برازیلی سپر اسٹار نیمار‘ فرانس کے کلیان امباپے بھی ان کے ساتھ ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ 2018    اور کوپا امریکہ میں ارجنٹینا کی شکست کی وجہ سے لیونل میسی کے ارجنٹائنی فٹبال حکام سے تعلقات کشیدہ بھی رہے اور انہوں نے دلبرداشتہ ہو کر انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا لیکن آنجہانی میراڈونا کی مداخلت پر لیونل میسی دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے پر رضامند ہوئے تھے میسی میراڈونا کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہیں۔

سال رواں میں ارجنٹینا کے  کوپا امریکہ جیتنے سے قبل لیونل میسی چار بڑے  ٹورنامنٹس کے فائنل میں  شکست سے دو چار ہوئے تھے۔  2014 کے ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا کو جرمنی ہرا دیا تھا جبکہ ارجنٹینا کو  تین مرتبہ 2007 ‘ 2015  اور 2016  میں بھی  کوپا امریکہ کے فائنل میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا ۔  لیونل میسی نے ارجنٹینا انڈر  23  کی نمائندگی کرتے ہوئے 2005 میں انڈر 23  ورلڈ کپ اور 2008  میں اولمپک گولڈ میڈل جیتا تھا ۔

 لیونل میسی مینز انٹرنیشل فٹبال میں زیادہ گول کرنے والے فٹبالرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔

میسی کے حریف اور پرتگالی کپتان کرسٹیانو رونالڈ 111 گول کے ساتھ ٹاپ پر ہیں جنہوں نے ایران کے علی داعی کا 109 گول کا ریکارڈ توڑا تھا ۔ ملائشیا کے مختار داہاری 86  گول کے ساتھ تیسرے ‘  فرینک پسکاس (ہنگری ) 84  گول چوتھے ‘ کونیشیگے کاما موٹو ( جاپان ) 80  گول پانچواں ‘ گوڈفرے چیٹالو( زیمبیا ) 79  گول چھٹے ‘ لیونل میسی (ارجنٹینا )     79  گول  ساتویں ‘ حسین سعید (عراق ) 78  گول آٹھویں ‘ پیلے ( برازیل ) 77  گول نویں ‘سینڈر کوکسس ( ہنگری ) 75  گول دسویں اور بشیر عبداللہ 75  گول 11 ویں نمبر پر ہیں ۔ برازیل کے نیمار نے  69   گول ‘ یوروگوئے  کے لوئیس سواریز نے  64  گول اور برازیل کے رونالڈو نے  62  گول کیے ہیں۔

ارجنٹائنی فٹبالر میسی نے دنیا بھر کے کروڑوں افراد کو شاندار ڈربلنگ ڈاجنگ کے ذریعے اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔  انہوں نے اپنے بہنرین اور مثالی کھیل سے ہسپانوی کلب کو ناصرف بے شمار کامیابیوں سے ہم کنار کیا بلکہ انفرادی طور پر بھی کئی ایوارڈ اپنے نام کیے ۔ میسی کو سب سے کم عمر بیلون ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہے جنہوں نے جنوری 2012 میں 24 سال کی عمر میں یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

لیونل میسی کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 10-2009  کے سیزن میں بیلون ڈی اور ‘ فیافا پلیئر دی ائر‘ پیچیچی ٹرافی اور گولڈن بوٹ ایواڈ جیتا۔  میسی نے چھ مرتبہ بیلون ڈی اور ایوارڈ جیتا ۔ انہوں نے بارسلونا کی نمائندگی کرتے ہوئے 778  میچز 672  گول کیے۔

انہوں نے2001  میں 14  سال کی عمر میں اسپین کے بارسلونا فٹبال کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور انہوں نے بارسلونا میں  تقریباً دو دہائی کے قیام  کے دوران کلب کو 35  ٹرافیاں جتوانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے   2002  کے بعد  بارسلونا فٹبال کلب نے   10 لا لیگا ٹائٹل ‘ 8 ہسپانوی سپر کپ‘ 7   کوپا ڈل رے ‘4  چیمپئنز لیگ ٹائٹل ‘ 3  کلب ورلڈ کپ  اور  3  یورپیئن سپر کپ جیتے۔

ارجنٹائنی فٹبالر میسی نے چھ مرتبہ بیلون ڈی اور کا اعزاز جیتا ۔  وہ 2009 سے 2012  تک مسلسل چار سال اس اعزاز کے مقابلے میں اپنے حریفوں پر حاوی رہے ۔ اس کے بعد انہوں نے 2015 اور 2016   میں اس اعزاز کو اپنے نام کیا ۔  چھ مرتبہ گولڈ بوٹ بھی ان کے حصے میں آیا ۔

میسی کی  کارکردگی 2012  کے کیلنڈر میں لاجواب تھی اور ایسا لگتا تھا کہ وہ حریف ٹیموں پر گولز کی بھرمار کر  رہے تھے ۔ انہوں نے اس سیزن میں آفیشل 91  گول کر کے آل ٹائم ریکارڈ قائم کیا اگر بارسلونا کے دوستانہ میچوں میں ان کے مزید پانچ گول بھی شامل کر لیے جائیں تو  مجموعی تعداد 96  ہو جاتی ہے۔

ایک سال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول کرنے کا ریکارڈ بھی لیونل میسی کے نام  ہے ۔ انہوں  نے  2012  میں  25  گول کیے تھے ۔ میسی نے ہسپانوی فٹبال لیگ   لا لیگا  2011-12  کے سیزن میں گولز کی نصف سنچری مکمل کر کے ریکارڈ قائم کیا تھا ۔

میسی کو گولز کی سنچری مکمل کرنے والے کم عمر ترین فٹبالر  کا اعزاز بھی حاصل ہے جنہوں نے 16 جنوری 2010  کو 22  سال کی عمر میں یہ  سنگ میل عبور کیا تھا ۔ بارسلونا کی جانب سے میسی چیمپئنز لیگ اور یورپین کپ میں گولز کی سنچری مکمل کرنے والے واحد فٹبالر ہیں۔

انہوں نے 120  گول کیے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر ریوالڈو  اور سواریز ہیں جنہوں نے صرف 25  گول کیے۔

 ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا لیونال میسی کے بغیر اپنے پہلے ہی میچ میں شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی جب چیمپئنز لیگ کے میچ میں بائرن میونخ  نے بارسلونا کو اس کے ہوم گرائونڈ کیمپ نو میں   3-0 سے ہرا کر زبردست دھچکہ پہنچایا۔

اس میچ میں جرمن فٹبال کلب مکمل طور پر حاوی رہا جس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ 90 منٹ کے کھیل میں بارسلونا کی ٹیم بائرن میونخ کی گول پوسٹ پر ایک بھی ایسا حملہ نہیں کر سکی  جس کو گول میں تبدیل کیا جا سکتا۔ بائرن  کی جانب سے پولش گول مشین رابرٹ لیوانڈوسکی نے دو اور تھامس مولر نے ایک گول کیا۔

 بارسلونا کا ارجنٹائنی اسٹار لیونل میسی اور فرانسیسی فٹبالر  انتونیو گریزمان کے بغیر یہ پہلا میچ تھا۔ اس میچ نے لیونل میسی کی عدم موجودگی نے ٹیم کی کارکردگی کے فرق کو نمایاں کردیا ۔ لیونل میسی اپنے 18 سالہ کیریئر کے دوران بارسلونا کیلئے ناصرف خود گول مشین تھے بلکہ وہ اپنے ساتھیوں کیلئے بھی گول کرنے کے مواقع پیدا کرنا تھے۔

ہسپانوی کلب بارسلونا کو 1997-98 کے سیزن کے بعد پہلی مرتبہ یورپی چیمپئنز لیگ کمپین میں اپنے افتتاحی میچ میں شکست اٹھانا پڑی ہے بارسلونا کی تاریخ میں 2003کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ ٹیم میچ کے دوران حریف ٹیم کی گول پوسٹ پرایک بھی ٹارگٹ شاٹ لگانے میں ناکام رہی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube