Tuesday, September 21, 2021  | 13 Safar, 1443

ٹوکیو اولمپکس مینز فٹبال: ارجنٹینا، فرانس اور جرمنی باہر

SAMAA | - Posted: Jul 30, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Jul 30, 2021 | Last Updated: 2 months ago

فوٹو: ٹوئٹر

  فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے۔ کرونا کے خوف زدہ ماحول میں اس وقت کھیلوں کا سب سے بڑا عالمی میلہ ٹوکیو اولمپکس جاپان میں سجا ہوا ہے۔ اس میلے میں فٹبال کا کھیل بھی شامل ہے جس میں میزبان جاپان سمیت دنیا بھر سے 16 ملکوں نے کوالیفائی کیا تھا۔ مینز فٹبال ایونٹ میں اپ سیٹ اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد ریو اولمپکس رنرز اپ جرمنی‘ فرانس اور ارجنیٹنا جیسی ٹیمیں گروپ مرحلے میں ہی آؤٹ ہوگئی ہیں۔ 16 ٹیموں کو ابتدائی راؤنڈ کیلئے چار چار ٹیموں پر مشتمل چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ برازیل نے ریو اولمپکس میں اپنی سرزمین پر جرمنی کو پنالٹی ککس پر شکست دے کر  پہلی بار اولمپک فٹبال چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس بار بھی برازیلین ٹیم ڈینی ایلوس کی قیادت میں اپنے اعزاز کے دفاع کیلئے فیورٹ سمجھی جا رہی ہے لیکن اسپین، میزبان جاپان اور میکسیکو کے فٹبالرز بھی غیر معمولی کھیل پیش کررہے ہیں۔  فٹبال ایونٹ ابتدائی راؤنڈ کے میچوں کی تکمیل کے بعد اب ناک اؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا۔

مینز فٹبال کے چاروں کوارٹر فائنل 31جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ کاشیما میں جاپان کا سامنا نیوزی لینڈ سے ہوگا جبکہ ریفو میں اسپین اور آئیوری کوسٹ مد مقابل ہوں گے۔ یوکوہاما میں میکسیکو کی ٹیم جنوبی کوریا سے کھیلے گی۔ دفاعی چیمپئن برازیل سائٹاما میں مصر سے مقابلہ کرے گا۔

گروپ اے میں فرانس کو اپنے پہلے ہی میچ میں میکسیکو کے ہاتھوں 4-1 سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میکسیکن فٹبالرز نے میچ کی  ابتدا ہی اٹیکنگ کھیل سے کی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھیں لیکن میچ کا دوسرا ہاف شروع ہوا تو میکسیکن کھلاڑیوں کے تیور مختلف نظر آئے اور 47ویں منٹ میں ویگا نے پہلا گول کیا جس کے بعد فرانسیسی دفاع کو توڑنا میکسیکن فٹبالرز کیلئے آسان ہو گیا۔ 55ویں منٹ میں کارڈوا دوسرا گول کردیا تاہم فرانس کی جانب سے 69ویں منٹ میں آندی پیری کرسٹین گیگنک نے گول کرکے اسکور 2-1 کردیا۔ لیکن فراسیسی ڈیفنڈرز میکسیکن کھلاڑیوں کے حملوں کو روکنے میں ناکام رہے80ویں منٹ میں میکسیکوکی جانب سے اینٹونا نے تیسرا گول کیا جبکہ انجری ٹائم 91 منٹ میں ایکوری نے چوتھا گول کردیا۔

Brazil vs. Argentina: Copa America final 2021 live stream, TV channel, how  to watch online, news, odds - ePrimeFeed

پہلے میچ میں شرمناک شکست کے بعد فرانسیسی ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 4-3 سے زیر کیا تاہم اسے اس کامیابی کیلئے سخت جدوجہدکرناپڑی۔ جنوبی افریقہ کے باصلاحیت فٹبالرز نے فرانسیسی ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے  میچ  کے دوران  تین مرتبہ سبقت حاصل کی لیکن اس کے فٹبالز اسےبرقرار رکھنے میں ناکام رہے۔ پہلے ہاف میں کوئی گول نہیں ہو سکا۔ دوسرے ہاف میں جنوبی افریقہ کے کومبیلو کوڈسنگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی تھی جو زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ چار منٹ بعد ہی فرانسیسی اسٹرائیکر گیگنک نے گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد 73ویں منٹ میں ایویڈنس میکگوپا نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسرا گول کر دیا لیکن پانچ منٹ بعد ہی فرانسیسی فٹبالرزکی اچھی مووکے نتیجے میں گیگنک نے گول کرکے اسکور 2-2 کردیا۔ 82ویں منٹ میں موکواینا نے گول کرکے جنوبی افریقہ کو پھر برتری دلوا دی جسے وہ برقرار نہ رکھ پائے اور88 ویں منٹ میں گیگنک نے تیسرا گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی۔ اس مرحلے پر میچ برابری پر ختم ہوتا دکھائی دے رہا تھا لیکن  انجری ٹائم 93 منٹ میں ٹیجی ساونیئر نے چوتھا گول کر کے اپنی ٹیم کوکامیابی سے ہمکنار کر دیا اور تین قیمتی پوائنٹس دلوا دیئے۔

جاپان نے جنوبی افریقہ کو سخت مقابلے کے بعد 1-0 سے ہرا دیا۔ میچ کا فیصلہ کن گول ٹاکیفوسا کوبو نے کیا۔ اگلے میچ میں فرانس کے خلاف فاتحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میکسیکن فٹبالرز جاپان کے خلاف اس کارکردگی کو دہرانے میں ناکام رہے اور انہیں جاپان کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی۔ میزبان جاپان نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا جس کے نتیجے میں چھٹے منٹ میں کوبو نے گول کر کے جاپانی ٹیم کوبرتری دلوا دی۔ پانچ منٹ بعد ہی جاپان کے رٹسو ڈوان نے پنالٹی کک پرگول کر کے اس سبقت کو 2-0 کردیا۔  اس برتری کے بعد جاپانی ٹیم نے دفاع پر تمام توانائیاں صرف کر دیں جس کی وجہ سے میکسیکن فٹبالرز سر توڑ کوشش کے باوجود پہلے ہاف میں کوئی گول نہ کرسکے۔ جاپان نے بھی کوئی موثر حملہ نہیں کیا۔ دوسرے ہاف میں بھی میکسیکن کھلاڑیوں نے کئی اچھی مووز بنائیں مگر جاپان دفاعی حصار ان کی راہ میں آڑے آیا تاہم 85 ویں منٹ میں الواراڈو گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ گول خسارہ کم کرنے کے بعد میکسیکن فٹبالز نے گول برابر کرنے کی کئی کوششیں کیں جو بارآورر ثابت نہ ہوسکیں اورمیچ  جاپان 2-1 سے جیت گیا۔

فرانس کو جاپان کے ہاتھوں بھی 4-0 کے مارجن سے عبرتناک شکست اٹھانا پڑی۔ جاپانی فٹبالرز نے فرانسیسی ٹیم کو آؤٹ کلاس کردیا تھا۔ جاپان کے کوبو’سکائی‘ میوشی اور مائیڈا نے ایک ایک گول کیا۔ میکسیکو نے جنوبی افریقہ کو آخری میچ میں 3-0 سے زیر کیا۔

Mexico U23 4-1 France U23 summary: score, goals, highlights, 2020 Tokyo  Olympics - AS.com

جاپان نے اولمپکس فٹبال میں 11ویں بار کوالیفائی کیا۔ جاپانی ٹیم کی بہترین کارکردگی1968 کے میکسیکو اولمپکس میں کانسی کا تمغہ ہے جو اس نے میزبان میکسیکو کو 2-0 سے ہرا کر جیتا تھا۔ لندن اولمپکس 2012 میں جاپان کی چوتھی پوزیشن تھی۔ ریو اولمپکس میں جاپانی ٹیم گروپ مرحلے میں آؤٹ ہو گئی تھی۔

فرانس نے 13ویں مرتبہ اولمپک فٹبال میں کوالیفائی کیا تھا۔ فرانس نے 1984کے لاس اینجلس اولمپکس میں برازیل کو فائنل میں 2-0 سے ہرا کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔ جبکہ 1900کے اولمپکس فرانس میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔ فرانسیسی  فٹبال ٹیم 24سال بعد اولمپک فٹبال میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ اس نے آخری بار 1996 کے اٹلانٹا اولمپکس میں حصہ لیا تھا جہاں اسے کوارٹر فائنل میں شکست ہوئی تھی۔

میکسیکو  نے 1992سے پانچویں بار اولمپکس میں کوالیفائی کیا اور اس نے 2012کے لندن اولمپکس فٹبال فائنل میں برازیل کو 2-1 سے ہرا کر گولڈ میڈل جیتا تھاجبکہ ریو اولمپکس 2016 میں میکسیکن ٹیم گروپ مرحلے میں باہر ہو گئی تھی۔ جنوبی افریقہ نے تیسری مرتبہ اولمپک فٹبال میں کوالیفائی کیا۔ اس سے قبل سڈنی  اولمپکس 2000 اور ریو اولمپکس میں جنوبی افریقہ ابتدائی گروپ راؤنڈ میں ہی باہر ہوگیا تھا۔

گروپ بی کے پہلے میچ  نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو سخت مقابلے میں 1-0 سے ہرا کر اپ سیٹ کیا۔ رومانیہ نے ہنڈوراس کے خلاف 1-0 سے کامیابی حاصل کی۔ اگلے میچ میں  ہنڈوراس نے نیوزی لینڈ کو 3-2 سے زیر کر کے تین پوائنٹس حاصل کیے۔ جنوبی کوریا نے کم بیک کرتے ہوئے رومانیہ کے خلاف میچ 4-0 کے مارجن سے جیتا۔ رومانیہ کے مرین کے اون گول سے جنوبی کوریا کو سبقت ملی تھی اس کے بعد  وانگ سانگ نے ایک اور لی کانگ ان نے دو گول کیے۔ رومانیہ اور نیوزی لینڈ کا میچ  بغیرگول کے برابر رہا جبکہ جنوبی کوریا نے ہنڈوراس کو 6-0 کے مارجن سے شکست دی۔ جنوبی کوریا کے وانگ یو جو نے تین ’وان ڈو جائی‘ کم جن یا اور  لی کانگ ان نے ایک ایک گول کیا۔ گروپ بی سے جنوبی کوریا اور نیوزی لینڈ نے  اگلےمرحلے میں رسائی کی۔

گروپ سی میں مصری ٹیم نے اسپین کے خلاف اپنے پہلے میچ میں غیر معمولی کھیل پیش کیا  جس کی وجہ سے میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔ آسٹریلیا نے ارجنٹینا کو 0-2 سے زیر کر کے اپ سیٹ کیا۔ تاہم ارجنٹینا کی ٹیم نے اپنے اگلے میچ میں مصر کو 0-1سے شکست دے کر تین پوائنٹ حاصل کرلیے۔ آسٹریلوی ٹیم اسپین کے خلاف ارجٹینا کے میچ والی فاتحانہ کارکردگی نہ دہرا سکی اور 0-1 سے ہار گئی۔ مصر نے آسٹریلیا کو 2-0 سے زیر کیا۔ ارجنٹینا اور اسپین کا میچ 1-1 سے برابر رہا۔ اس گروپ سے اسپین اور مصر کوارٹر فائنل میں پہنچے۔

Olympic Football: Men's quarterfinal schedule and preview - Tokyo 2020

مصر کی فٹ بال ٹیم 12 مر تبہ اولمپکس میں شرکت کررہی ہے۔ مصر نے پہلی بار 1928 کے اینٹورپ اولمپکس میں کوالیفائی کیا تھا۔ اولمکپس فٹبال میں مصر تین مرتبہ کوارٹر فائنل کھیلا۔  لندن اولمپکس 2012 کے کوارٹر فائنل میں مصر کو جاپان نے 3-0 سے زیر کیا تھا۔

اسپین کو یورپی فٹبال میں پاور ہاؤس کا درجہ حاصل ہے۔ ہسپانوی فٹبال ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں فائنل میں پولینڈ کو 3-2 سے ہرا کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔ جبکہ اسپین کو سڈنی اولمپکس 2000  کے فائنل میں کیمرون نے پنالٹی ککس پر 5-3سے شکست دی تھی اور ہسپانوی ٹیم کے حصے میں سلور میڈل آیا تھا۔ اسپین لندن اولمپکس کے گروپ مرحلے میں باہر ہو گیا تھا جبکہ  اسے ریو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی ہوئی تھی۔

گروپ ڈی میں برازیل نے جرمن ٹیم کے خلاف میچ میں 4-2 کے مارجن سے کامیابی حاصل کر کے  اپنے اولمپک ٹائٹل کے دفاع کا  آغاز  اسی فاتحانہ اندازمیں کیا جہاں اس نے ریو اولمپکس میں اختتام کیا تھا۔ اس میچ میں برازیل کے  ابھرتے ہوئے اسٹار فٹبالر ریچارلیسن نے خوبصورت کھیل کا مظاہرہ کیا اور اوپر تلے تین گول کر کے  ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ چوتھا گول پاؤلینیہو نے کیا۔ جرمنی کی جانب سے ندیم امری اور اچے ایک ایک گول کیے۔ برازیلین فٹبالرز نے اپنے روایتی کھیل سے جرمن دفاعی لائن کو بار بار پاش کیا۔ برازیلین فٹبالرز کی پاسنگ ڈاجنگ اور ڈربلنگ لاجواب تھی۔ ریو اولمکپس فٹبال فائنل میں برازیل نے جرمن ٹیم کو ہی  پنالٹی ککس پر 5-4 سے زیر کر کے گولڈ میڈل جیتا تھا۔ جرمن ٹیم  پہلی بار اولمپک فائنل میں پہنچی تھی۔ جرمن ٹیم 10ویں مرتبہ اولمپک فٹبال میں حصہ لے رہی ہے۔ وہ ایک بار 1988 کے سیؤل اولمپکس میں کانسی کا تمغہ بھی  جیت چکی ہے۔

آئیوری کوسٹ کی ٹیم نے اولمپکس فٹبال میں  دوسری مرتبہ کوالیفائی کیا اس سے قبل آئیوری کوسٹ فٹبال ٹیم نے  2008 کے بیجنگ اولمپکس میں شرکت کی تھی اورکوارٹر فائنل میں نائیجیریا سے 2-0 سے ہار گئی تھی۔ آئیوری کوسٹ اور برازیل کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ اس میچ میں آئیوری کوسٹ کی فارورڈ لائن نے اچھی اور خطرناک مووز بناتے ہوئے برازیلین گول پوسٹ پر کئی حملے کیے لیکن انہیں گول کرنے میں کامیابی نہیں ہوئی۔ برازیلین فٹبالرز آئیوری کھلاڑیوں کے اٹیکنگ کھیل اور برق رفتاری کے سامنے ابتدا میں دباؤ میں نظر آئے۔ کھیل کے 13ویں منٹ میں ریفری نے برازیلین کھلاڑی  ڈگلس لوئیس کو ریڈ کارڈ دکھا کر باہرنکال دیا جو  برازیلین ٹیم کیلئے بڑا دھچکا تھا۔ لوئیس کو ریفری نے پہلے یلو کارڈ دکھایا تھا لیکن وی اے آر دیکھنے کے بعد لوئیس کو ریڈ کارڈ دکھا کر باہر بھیجا۔ اس کے بعد برازیلین ٹیم کو باقی میچ  10 کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کوکئی مواقع ملے لیکن وہ ان سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

2021 Olympics schedule: Brazil vs. Germany in men's soccer Thursday

آئیوری کوسٹ نے سعودی عرب کو 2-1 سے زیر کیا۔ جبکہ جرمن فٹبال ٹیم کے خلاف سعودی فٹبالرز نے بہترین کاکردگی دکھائی لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور سعودی ٹیم میچ 3-2 سے ہار گئی۔ جرمنی کی جانب سے ندیم امری‘ پرنس فریڈل اچے اور فلیکس  یوڈوخائی نے ایک ایک گول کیا۔ سعودی عرب کے دونوں گول سمیع النجی نے کیے تھے۔

دفاعی چیمپئن برازیل کو کوارٹر فائنل میں پہنچانے میں سپر اسٹار ریچارلیسن نے اہم کرداراد کیا۔ سعودی عرب کے خلاف تیسرے گروپ میچ میں برازیل نے سعودی عرب کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے بآسانی شکست دی۔ سعودی کھلاڑیوں نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ برازیل کی جانب سے 14 ویں منٹ میں کونا نے گول کر کے ٹیم کو سبقت دلوا دی تھی لیکن 27 منٹ میں سعودی عرب کے سمیع النجی نے ہیڈ کے ذریعے خوبصورت گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی گول کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔ لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔ ایک مرحلے پر یوں لگتا تھا کہ میچ برابری پر ختم ہو گا لیکن ریچارلیسن نے 70 ویں منٹ میں برازیل کی جانب سے دوسرا گول کر دیا۔ پھر انجری ٹائم 93 ویں منٹ میں ریچارلیسن نے ایک اور گول داغ کر برازیل کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔

جرمنی کو کوارٹر فائنل میں رسائی کیلئے آئیوری کوسٹ کے خلاف میچ لازمی جیتنا تھا لیکن آئیوری کوسٹ کے فٹبالرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے زبردست مزاحمت کی اور میچ 1-1 سے برابری پر منتج ہوا۔ جرمنی کے لوون اور آئیوری کوسٹ کے بنجمین ہینرکس نے گول کیا۔ گروپ ڈی  سے برازیل کے ساتھ آئیوری کوسٹ نے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کی۔

برازیلین فٹبال ٹیم 14 ویں اولمپک فٹبال ایونٹ کھیل رہی ہے اور اس نے گولڈ میڈل‘ تین سلور میڈل اور  دو برانز میڈل جیتے ہیں۔ برازیل نے پہلی بار ہلسنکی فن لینڈ اولمپکس 1952  میں کوالیفائی کیا تھا اور کوارٹر فائنل میں اضافی وقت میں جرمنی 4-2 سے شکست کھائی تھی۔

سعودی عرب کی ٹیم نے دوسری بار اولمپک فٹبال ایونٹ کیلئے کوالیفائی کیا۔ سعودی عرب نے پہلی بار 1996 کے اٹلانٹا اولمپکس میں شرکت کی تھی اور پہلے مرحلے میں  باہر ہوگیا  تھا۔ اس بار بھی سعودی عرب کو ویسی ہی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا اور سعودی فٹبال ٹیم ابتدائی مرحلے میں تینوں میچوں میں شکست سے دوچار ہوئی۔

مینز فٹبال کے پہلے مرحلے کے 24میچوں میں 68گول ہوئے۔ برازیل کے ریچارلیسن پانچ گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں۔ فرانس کے گیگنک چار گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جاپان کے کوبو اور جنوبی کوریا کے وانگ یو جو اور لی کانگ ان نے تین تین گول کیے ہیں۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube