Monday, October 26, 2020  | 8 Rabiulawal, 1442
ہوم   > پاکستان

میرا “مرغا”مرگیا،بلاول بھٹو ہمیں صاف پانی دو

SAMAA | - Posted: Sep 20, 2020 | Last Updated: 1 month ago
SAMAA |
Posted: Sep 20, 2020 | Last Updated: 1 month ago

نیا نہیں پرانا پاکستان واپس چاہیئے

ضلع سانگھڑ سے تعلق رکھنے والا بچہ اس وقت سوشل میڈیا پر دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ، جب وہ روتی ہوئی آواز میں اپنے مرے ہوئے مرغے کو ہاتھ میں اٹھائے بلاول بھٹو زرداری سے صاف پینے کے پانی کا مطالبہ کر رہا تھا کہ یہ پانی پی کر میرا مرغا مرگیا، ہم یہ پانی کیسے پی سکتے ہیں؟۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی سندھ کے ضلع سانگھڑ کے اس بچے کی ویڈیو نے لوگوں کے دلوں کو ہلا دیا۔ ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ کیسے بچہ جمع گندے پانی کی جانب اشارہ کر رہا ہے اور ایک ہاتھ میں اس نے اپنا براؤن رنگ کا مردہ مرغا پکڑا ہوا ہے۔

گھٹنوں گھٹنوں پانی میں کھڑا بچہ روتی ہوئی آواز اور شکل میں اپنی آپ بیتی بتا رہا ہے کہ یہ زہریلا پانی پینے سے اس کا ہر دلعزیز مرغا مرگیا ہے۔ 8 سالہ احمد مری اپنے ٹوٹے دل کے ساتھ مرغے کو تھامے کھڑا ہے۔

بچے کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے بعد اس کے گاؤں میں پانی بھرا ہوا ہے، اور عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری علاقے سے بارش کا گندا پانی نکالنے میں ناکام رہے ہیں۔

سما ڈیجیٹل سے گفتگو میں بچے کا کہنا تھا کہ یہ مرغا میرے دل کے بہت قریب تھا، مگر اب وہ یہ پانی پینے سے مر گیا ہے، مجھے نہیں پتا کہ کیا ہم بھی یہ پانی پینے سے مر جائیں گے؟۔

کھیپرو ٹاؤن کے صدیق مری گاؤں سے تعلق رکھنے والا احمد پہلی جماعت کا طالب علم ہے۔ جس نے چار سالوں کے دوران 4 مرغوں کی پرورش کی۔ تاہم ان چار مرغوں میں سے 3 مرغے یہ گندہ پانی پینے سے مرگئے۔ ویڈیو میں نظر آنے والا یہ احمد کا تیسرا مرغا تھا، جو انتظامی نہ اہلی اور گندے پانی کی نذر ہوگیا۔

مرنے والا تیسرا مرغا 1 سال کا تھا، جسے احمد نے بڑے ناز سے پالا تھا۔ احمد کے والد کا کہنا ہے کہ احمد کو جانوروں سے اتنا پیار ہے کہ وہ انہیں بیچنے نہیں دیتا ہے اور دن رات ان کا خیال رکھتا ہے۔

ویڈیو سے متعلق احمد کا کہنا تھا کہ اس نے یہ ویڈیو اپنے والد کے ہمراہ بنائی تاکہ وہ اسے سوشل میڈیا پر ڈال کر علاقے کی ابتر صورت حال کیلئے حکومت کی توجہ دلا سکے۔

احمد کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے نہ صرف اس کے جانور ہلاک ہوئے، بلکہ اس کے گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ 8 سالہ بچے کا مزید کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی ایسی ویڈیوز بناتا رہے گا، جس میں لوگوں کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔

مذکورہ ویڈیو میں احمد مری نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ خدارا ہمیں صاف پینے کا پانی دیا جائے، ورنہ ہم بھی اس مرغے کی طرح مر جائیں گے۔

بچے کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس "نئے پاکستان" نے انہیں تباہ کردیا ہے، وہ پہلے والا "پرانا پاکستان" واپس چاہتے ہیں۔

بچے نے مزید بتایا کہ اس کے اہل خانہ اور گاؤں کے دیگر افراد کی جان داؤ پر لگی ہے کیوں کہ وہ لوگ مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔

سما ڈیجیٹل سے گفتگو میں رب نواز کا کہنا تھا کہ پانی کے گھمبیر مسئلے کے باعث کئی خاندان یہاں سے علاقہ چھوڑ کر چلے گئے ہیں، تاہم اس سمیت اب صرف چند خاندان ہی یہاں گزر بسر کر رہے ہیں، جنہیں پینے کے صاف پانی کی تلاش اور اسے لانے کیلئے روز 3 سے 4 کلو میٹر کی مسافت طے کرکے جانا پڑتا ہے۔

رب نواز نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل ٹڈی دل کے کھیتوں پر ہونے والے حملے کی ویڈیو بھی احمد مری نے بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی، جو خوب وائرل ہوئی۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube