Monday, January 24, 2022  | 20 Jamadilakhir, 1443

کبڈی کبڈی کبڈی

SAMAA | - Posted: May 9, 2018 | Last Updated: 4 years ago
SAMAA |
Posted: May 9, 2018 | Last Updated: 4 years ago

دودھ اور مکھن کے پیڑے کھاکر پلے پہلوانوں کا کھیل کبڈی مقبولیت کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے، قدردانوں کو خیال آیا اورقدیم روایتی مقبول کھیل کے پاکستان میں پہلی بار پروفیشنل مقابلوں کا اہتمام کیا گیا، لاہور میں نجی شعبوں کے تعاون سے کبڈی لیگ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں، گاؤں دیہات کے نوجوان خوشی سے نہال ہیں کہ ان کی تفریح کا دلچسپ کھیل اب بڑے شہروں کے جمنازیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں کبڈرز کو داد بھی ملتی ہے اور بڑے بڑے انعامات بھی، بھارت کے بعد پاکستان میں شروع ہونے والی سپر کبڈی لیگ میں نہ صرف ملک بھر کے نوجوانوں کو زورآمائی کابھرپور موقع مل رہا ہے جبکہ پہلی سپر کبڈی لیگ میں دس غیر ملکی کبڈرز بھی حصہ لے رہے ہیں جس میں ایران ، سری لنکا اور ملائشیا کے پہلوان شامل ہیں ایونٹ میں ٹرافی کے حصول کے لئے مجوعی طور پر دس ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے۔

کبڈی صدیوں پرانا کھیل ہے، لفظ کبڈی تامل زبان کا لفظ ہے،کب کے معنی ہیں چھونا اور ڈی کے بھاگنا تو یہ ہوا چھو کر بھاگنا،کبڈی جسے کھیل کا نام دیاگیا ہے، دنیا میں کبڈی دوطرح کی ہوتی ہے نمبر ون پنجابی کبڈی اور نمبر ٹو اسٹینڈرڈ اسٹائل کبڈی ، انٹرنیشنل کبڈی میں اسٹینڈرڈ اسٹائل کی کبڈی ہوتی ہے جس میں ایک ٹیم میں سات کبڈرز ہوتے ہیں انٹرنیشنل اسٹائل کی کبڈی کےکورٹ کا سائز تیتیس فٹ چوڑا اور تینتالیس فٹ لمبا ہوتا ہے جبکہ خواتین کے مقابلے چھبیس فٹ چوڑے اور انتالیس فٹ لمبے کورٹ میں ہوتے ہیں، کبڈی انڈور ہوتی ہے اور بیس بیس منٹ کے دو ہاف ہوتے جبکہ پانچ منٹ کا وقفہ ہوتا ہے، اسٹینڈرڈ اسٹائل کی کبڈی میں جو کبڈر دفاعی کبڈر کو چھوتاہے اسے پوری ٹیم بھی روک سکتی ہے جبکہ روایتی کبڈی میں جو حملہ آور جس کبڈر کو چھوئے گا وہ ہی کبڈر اسے روکے گا۔

روایتی کبڈی میں آٹھ کبڈرز ہوتے ہیں بیس بیس منٹ کے دو ہاف ہوتےہیں اور دیسی کبڈی بائیس میٹر کے دائرے میں کھیلی جاتی ہے جسے درمیان میں لکیر سے دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، روایتی کبڈی میں بھی کبڈر مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو چھو کر بھاگتا ہے جو چھو کر بھاگتا ہے اسے ریڈر(حملہ آور ) کہتے ہیں کبڈر چھو کر اپنے حصے تک پہنچ گیا تو پوائنٹ مل جاتا ہے ۔

انیس سو چھتیس کے برلن اولمپک میں کبڈی کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔۔۔ لیکن کبڈی کو اولمپکس میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ انیس سو نوے میں کبڈی کو ایشین گیمز میں شامل کیا گیا، کبڈی میں پاکستان ، بھارت ، بنگلہ دیش، ایران اور کینڈا سرفہرست ہیں، دوہزار چار میں کبڈی کی انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن بنی ہے اکتیس اس کےممبر ہیں جبکہ نو ممالک ایسوسی ایٹ ممبر ہیں، چار بار کبڈی کا ورلڈ کپ بھی کھیلا جا چکا ہے، پاکستان سپر کبڈی لیگ کے ملک میں انعقاد سے جہاں ملک میں غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے کےلئے راہ ہموار ہوئی ہے وہیں دیگر کھیلوں میں بھی لیگز کرانے کی کوششیں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube