بوم بوم کشمیر

April 16, 2018

   

شہرہ آفاق کرکٹر شاہد خان آفریدی نے حق بات کی اور کشمیریوں کی حمایت میں بیان پر بھارت اور بھارتی میڈیا آگ بگولہ ہوگئے، اس میں کوئی شک نہیں کہ قابض بھارتی فوج نے جموں و کشمیر میں بربریت برپا کر رکھی ہے، حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کرنیوالوں کے سینے چھلنی کئے جارہے ہیں، اقوام متحدہ کے فورم پر منظور کی گئی قرار داد کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے، ایسے میں سلام ہے کشمیریوں کی جرأت و بہادری کو جو نہتے ہونے کے باوجود پیلٹ گنز اور دوسرے خطرناک ہتھیاروں سے لیس بھارتی قابض فوجیوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور اپنے حق خودارادیت کیلئے بھارتی فوج کے ظلم و ستم برداشت کررہے ہیں، صبر کا پیمانہ چھلک جانے پر بوم بوم آفریدی کی کشمیریوں کے حق میں ٹویٹ فطری عمل ہے۔

سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کی توجہ مبذول کرائی ہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیا جانا چاہئے جہاں گزشتہ ہفتے کے اختتام پر حالیہ برسوں کا بدترین تشدد ہوا، بوم بوم آفریدی نے لکھا ہے کہ انڈین مقبوضہ کشمیر میں انتہائی خراب اور پریشان کن صورتحال ہے، حق خود ارادیت اور خود مختاری کا مطالبہ کرنیوالے معصوم لوگوں کو غاصب حکومت کی جانب سے انتہائی سفاکانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، حیرت ہے کہ اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے کہاں ہیں؟، وہ اس خون ریزی کو روکنے کی کوشش کیوں نہیں کرتے؟۔

کشمیر میں جس طرح بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کا بازار گرم رکھا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، بھارتی میڈیا شاہد خان آفریدی کے بیان اس طرح سیخ پا ہے، جیسے شاہد آفریدی نے ان کی دم پر پیر رکھ دیا ہو۔

شاہد آفریدی نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’ہم سب کی عزت کرتے ہیں، اور یہ ایک کھلاڑی کی مثال ہے لیکن جب بات انسانی حقوق کی آتی ہے تو ہم ایسا سلوک اپنے معصوم کشمیریوں کے ساتھ بھی چاہتے ہیں‘‘۔

شاہد خان آفریدی کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا نے اپنے کرکٹرز کو اتنا مجبور کیا کہ وہ بھی شاہد آفریدی کیخلاف کوئی بیان دیں، ایسے میں بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر میدان میں آئے اور بوم بوم آفریدی کے بیان کو نو بال قرار دیا۔

بھارتی اوپنر بلے باز شیکھر دھون بھی لفظی جنگ میں کود پڑے، اور شاہد آفریدی کو زیادہ دماغ مت لگاؤ کا مشورہ دیا، سریش رائنا نے کشمیر میں خون خرابہ روکنے کا کہا۔

بھلا ایسے میں شاہد آفریدی  کو ساتھی کرکٹر اکیلا کیسے چھوڑتے اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے بھی کشمیریوں کے حق کیلئے آواز اٹھائی، اسپیڈ اسٹار نے اپنے ٹوئٹ میں کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرنے کی ضروت پر زور دیا۔

ماضی میں بھی بہت سے کرکٹرز کشمیر میں بھارتی مظالم پر آواز اٹھا چکے ہیں، شاہد خان آفریدی ان کرکٹرز میں سے ہیں جو کشمیریوں کے دل میں بستے ہیں، پاکستانی اسٹار آل راؤنڈر کے بیان پر بھارتی میڈیا اس وجہ سے بھی بھڑکا ہوا ہے کہ سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی مقبوضہ کشمیر گئے اور انہیں اس وقت اپنی فوج کے سامنے خفت اٹھانی پڑی جب نمائشی میچ میں تماشائیوں نے بوم بوم آفریدی کے نعرے لگائے۔

یہ حقیقت ہے کہ کشمیریوں کے دل پاکستان اور پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کیلئے دھڑکتے ہیں۔