Friday, January 28, 2022  | 24 Jamadilakhir, 1443

کپتان کی تیسری شادی: ہنگامہ ہے کیوں برپا؟؟

SAMAA | - Posted: Feb 23, 2018 | Last Updated: 4 years ago
SAMAA |
Posted: Feb 23, 2018 | Last Updated: 4 years ago

تحریر: نازیہ فہیم

نکاح سنت نبوی ہے اور شادی کرنا کوئی جرم نہیں پھر کیوں ہر طرف عمران خان کی شادی کو لے کر شور برپا ہے؟ شادی پر مبارکباد تو سمجھ آتی ہے مگر عمران خان کی شادی پر سیاسی بیان بازی اور تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔ کیا عمران خان نیازی دنیا کے پہلے مرد ہیں جنہوں نے تیسری شادی کی ہے؟ عجیب بات ہے کوئی شادی کرے تو بھی مصیبت اور کوئی شادی نا کرے تو بھی مصیبت۔

ایک طرف ہیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد جو غیر شادی شدہ ہیں اور شادی نا کرنے کی وجہ سے اکثر انہیں طنز اور طعنے سننے پڑتے ہیں مگر شادی کے حوالے سے شیخ رشید کے مؤقف کے بارے میں دنیا جانتی ہے۔ دوسری طرف ہیں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نیازی جنہیں شادی کرنے کی وجہ سے طنز اور طعنے سننے پڑتے ہیں اور یہ حسین اتفاق ہے کہ دونوں سیاسی رفیق اور ذاتی دوست بھی ہیں۔ عمران خان نے ایک کے بعد دوسری اور اب تیسری شادی   کر لی ہے جس کا آفیشل اعلان تحریک انصاف کی جانب سے بھی کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کی باقاعدہ تصدیق کی گئی اور نکاح کی تصاویر بھی پارٹی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کی گئیں۔

یہ عجیب منطق ہے کہ ایک طرف تحریک انصاف کے رہنما کہتے ہیں کہ عمران خان کی شادی ان کا نجی اور ذاتی معاملہ ہے اور دوسری طرف وہ خود شادی کی خبروں کو پارٹی سیکریٹیریٹ سے جاری کر کے معاملے کو سیاسی بنا دیتے ہیں۔ عمران خان اگر شادی کی خبر صرف اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے دیتے تو مناسب تھا مگر عمران خان کی شادی کی خبر پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے دی گئی جو تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بقول ان کا نجی معاملہ ہے۔

عمران خان کی پہلی شادی 1995 میں جمائما گولڈ سمتھ سے ہوئی جن سے ان کے دو بیٹے ہیں مگر یہ رشتہ قائم نا رہ سکا اور دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی۔ عمران خان کی دوسری شادی معروف اینکر پرسن ریحام خان سے 2014 میں ہوئی اور یہ شادی بمشکل ایک سال ہی چل سکی اور اب عمران خان نے 2018 میں تیسری شادی اپنی پیرنی بشریٰ مانیکا سے کرلی ہے۔ ویسے کپتان کی قابلیت کو ماننا پڑے گا۔ عمران خان نے کرکٹ کھیلنا تو چھوڑ دی ہے مگر پھر بھی وہ ہیٹ ٹریک کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اب اسے ان کی کامیابی کہا جائے یا ناکامی یہ ایک الگ اور طویل بحث ہے۔

عمران خان کی تیسری شادی پر کہیں تحریک انصاف کے کارکنوں اور عمران خان کو پسند کرنے والوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں، خوشیاں منائی جارہی ہیں اور عمران خان کو شادی کی مبارکبادیں دی جارہی ہیں، وہیں مختلف سیاسی رہنما عمران خان پر طنز کے تیر چلا رہے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا کہ نکاح سنت رسول ہے اسکو خفیہ رکھنے کی کیا ضرورت ہے؟ انہوں نے کہا کہ تحقیقات ہونی چاہئیں کہ عمران خان نے اپنا گھر بسانے کی خاطر کسی دوسرے کا گھر تو برباد نہیں کیا، حافظ حمداللہ نے کہا کہ عمران خان جس طرح آف شور کمپنی رکھنے میں مہارت رکھتے ہیں اسی طرح آف شور شادی میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں مشاہداللہ خان، طلال چوہدری و دیگر نے بھی موقعے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوتے عمران خان پر خوب تنقید کی اور طنزیہ جملے کسے۔ کپتان پر غیر اخلاقی پیغامات بھیجنے کا الزام لگانے والی عائشہ گلالئی نے عمران خان کو ان کی تیسری شادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی تیسری شادی ان کا ذاتی معاملہ ہے اس پر وہ کچھ نہیں کہنا چاہتی۔ اسی طرح مختلف سیاسی رہنماؤں اور عوام کی جانب سے ان کی تیسری شادی پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ عمران خان کی شادی ان کا نجی اور ذاتی معاملہ ہے مگر عمران خان کی شادی کو سیاسی رنگ سیاسی مخالفین نے نہیں بلکہ خود تحریک انصاف نے دیا۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube