Friday, January 21, 2022  | 17 Jamadilakhir, 1443

شائقین کرکٹ کا دل زخمی کرنے کا ذمہ دارکون؟

SAMAA | - Posted: Jan 21, 2018 | Last Updated: 4 years ago
SAMAA |
Posted: Jan 21, 2018 | Last Updated: 4 years ago

اڑنے بھی نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے۔ شاہینوں کو پھر نظر لگ گئی۔ زیادہ عرصہ نہیں گزرا،سرفراز الیون نے وہ کر دکھایا جو پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں کسی نے نہیں کیا۔۔چیمپیئنز ٹرافی کی بہت بڑی جیت اپنے نام کی۔ تاریخ میں نام لکھوایا لیکن پھردھڑام سے پاکستانی ٹیم وہیں آ کر کھڑی ہو گئی جہاں پہلے تھی۔پاکستان پہلي بار نيوزي لينڈ ميں پانچ صفر سے ون ڈے سیریز ہار گيا۔ چيمپئنز ٹرافي جيتنے والے آج جيت کو ترس رہے ہيں۔

نیوزی لینڈ میں شکست کا ذمہ دار کون ہے۔ جن لوگوں نےسینہ تان کر چیمپئینز ٹرافی کی جیت کا کریڈٹ لیا کیا اب وہ اس شکست کی ذمہ داری لیں گے؟۔ سوال یہ ہے کہ سب کو پتاہے کہ ٹیم کس نے منتخب کی، ٹیم کا ہیڈ کوچ کون ہے ، کپتان کون ہے، بالنگ کوچ کون ہے ۔نیوزی لینڈ میں نہ بیٹنگ چلی ،نہ بالنگ غیر معمولی رہی اور حسب روایت فیلڈنگ میں بھی ایسے ایسے جوہر دکھائے گئے جس کی وجہ سے ہم ہمیشہ سے بدنام رہے ہیں۔ چھ ماہ پہلے چیمپیئنز ٹرافی جیتنی والی ٹیم لگ ہی نہیں رہی۔ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے بعد گرین شرٹس نے ورلڈ الیون کوہرایا۔ سری لنکا کو مختصر فارمیٹ میں دو بار کلین سویپ کیا۔ نیوزی لینڈ روانہ ہونے سے قبل یہ ٹیم اپنی دھاک بٹھا چکی تھی۔ لوگوں نے سرفرازالیون سے نیوزی لینڈ کےخلاف سیریزجیتنے کی امید لگائی تو کسی کو سیریز میں کانٹے کا مقابلہ ہونے کی توقع تھی لیکن ون ڈے سیریزمیں ایسا کچھ نہ ہوا۔ گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن ایسی ناکام ہوئی کہ دیکھنے والوں نے سرپکڑلیا۔

ذرا ایک نظر کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بھی ڈالیں۔ دو سو اکسٹھ ميچز کا تجربہ رکھنے والے شعیب ملک نے چار میچز میں صرف اننچاس رنزبنائے۔ شارجہ کے ہيرو بابراعظم نیوزی لینڈ میں پانچ میچز میں صرف اکتیس رنزبناسکے۔ سابق کپتان اوپنر بیٹسمین اظہرعلي کواپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے تین بار موقع ملااور چار رنز فی اننگ کے حساب سے بارہ رنزبنانے کا ٹیم پر احسان کیا۔ جن کے بارے میں مشہور ہے کہ کبھی دھوکا نہیں دیتے، نیوزی لینڈ میں پانچ میچز میں اناسی رنز ہی بناسکے۔ بالنگ میں جن پہ تھا تکیہ وہ ہی پتے ہوا دینے لگے۔ بالر محمد عامرچار میچوں میں دو وکٹیں ہی لے سکے۔ سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سیریز میں ناکامی کا ذمہ دار ٹاپ آرڈر کو قرار دیا ۔ کپتان سرفراز احمد نے بھی سیریزمیں ناکامی کا ذمہ دار بیٹسمینوں کو ٹہرایا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیم کی ناقص پرفارمنس کا ذمہ دار کرکٹ لیگز کو قرار دے دیا۔ انضمام کے مطابق پاکستانی کرکٹروں کی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے ان کی کرکٹ کو کنٹرول کرنا ہوگا کیونکہ یہ کرکٹر پاکستان سے زیادہ دوسری جگہوں پر کافی کرکٹ کھیلتے ہیں جس سے کھلاڑیوں کی توانائی میں فرق آیا ہے۔ انضمام الحق نے فاسٹ بولرز عثمان شنواری اور جنید خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ فٹ ہوتے تو نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں مؤثر ثابت ہو سکتے تھے۔ فاسٹ بولر جنید خان بنگلہ دیش میں کرکٹ کھیل کر ان فٹ ہوئے جبکہ لیفٹ آرم اسپنر عماد وسیم کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود ٹی ٹین لیگ کھیلے تھے۔

سوال یہ ہے کہ سیریز میں پاکستان کی بیٹنگ ہی نہیں بولنگ بھی ناکام رہی ہے۔ ٹیم حسن علی سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کربیٹھی تھی کہ وہی جتوائیں گے جو درست نہیں۔ پاکستانی ٹیم کو نئی گیند سے کامیابیاں نہیں ملیں اور محمد عامر نئی گیند کے ساتھ مؤثر ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ ان کی کارکردگی میں مستقل مزاجی کا فقدان نظرآتا ہے۔ یہ سب باتیں اپنی جگہ سوال یہ ہے کہ کون سا بیٹسمین ،بالر،ٹیم کی ناکامی چاہتاہے کون سا کپتان جیتنا نہیں چاہےگا۔ کیابیٹسمین جان کرکے فلاپ ہوئے؟ کیا بالرزنے جان بوجھ کر وکٹیں نہیں لیں؟کیا سرفراز نے جیت کے لیے سردھڑکی بازی نہیں لگائی؟ یہ سب باتیں اپنی جگہ ہر کھلاڑی جیت کے لئے کھیلا پرجیت نصیب نہ ہوئی ۔ چیمپیئنز ٹرافی کی فتح کا کریڈٹ لینے چئیرمین پی سی بی سے لیکر کپتان سرفراز احمد بولنگ کوچ اظہر محمود، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور ہیڈ کوچ مکی آرتھر،اور چیف سلیکٹر انضمام الحق تک کو اب پاکستان کی شکست کی بھی زمہ داری لینی ہوگی ۔

اگر ایسا نہیں ہوا تو ٹیم ہارتی رہے گی بات آئی گئی ہوجائے گی ۔ پاکستان کرکٹ میں بہتری کے آثار نظر نہیں آئیںگے۔ دو یا تین میچزہارنے کے بعد حکمت عملی بدلنے کی ضرورت تھی، ایسا لگتا ہے کہ کرکٹ کے بڑوں نے اس صورتحال سے نمٹنے کی کوئی حکمت عملی بنائی ہی نہیں تھی۔ خدا کے لیے پلان اے فیل ہونے کی صورت میں پلان بی اور سی تک تیار ہونا چاہیے تاکہ شائقین کے دل کو اس قدر گہری چوٹ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube