عمران کی ہیٹ ٹرک

Akram Chohan
January 12, 2018

تحریر: اکرم چوہان

کرکٹ کیریئر میں تو کبھی نہ کرسکے، لیکن خان صاحب نے شادیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کر ہی لی، ویسے بھی جوں ہی چیئرمین پی ٹی آئی کی ریحام خان سے طلاق ہوئی تھی تو سب کو ہیٹ ٹرک کی امید ہوچلی تھی، سارے ہی خیر خواہوں کی دل سے دعا تھی کہ ایک بار پھر بنی گالا سے پراٹھوں کی مہک آئے، بھابھی جی آئیں گی تو پھر سے بھیا کا گھر بس جائے گا، یوں ہمارا خان سردیوں کی شاموں میں اداس اور اکیلا نہیں گھومے گا، بلکہ گھر بسا دیکھ کر خوشی سے جھومےگا، ویسے بھی خان صاحب چار بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں، اس لئے چار بہنوں کا ارمان پورا کرنے کے لئے چوکا لگ سکتا ہے، اس چوکے کا رنگ چوکھا آئے گا یا نہیں، اس کا فیصلہ تو وقت آنے پر ہی ہوگا۔

خان صاحب ہم وطنوں کو بہت عزیز، جب وہ  کنوارے تھے کیا واقعی؟ تو اس وقت بھی سب ان سے یہی پوچھا کرتے تھے کہ شادی کب کریں گے، اب وہ سب کا دل اور مان رکھنے کی کوشش کررہے ہیں تو حاسدین اس پر بھی چین نہیں لینے دے رہے، بھئی عمران خان کی شادی سے آپ کا کیا لینا دینا، وہ دوسری  کریں، تیسری کریں، سعید اجمل اتنا عرصہ دوسرا کراتے رہے، کبھی کسی نے ان سے پوچھا کہ دوسرا کیوں، پہلا کیوں نہیں، عمران خان کو اس سے گھبرانا نہیں چاہیئے، اپنےاصولی موقف پر،  ارے بھئی شادیوں کے تسلسل پر، ڈٹے رہیں، اور ویسے بھی جوتا چھپائی کے موقع پر لڑکی والوں کا یہ کہنا کہ لڑکے کو اندر زنان خانے میں لے آئیں، پینسٹھ سال کی عمر میں لڑکا کہلانا ورلڈ کپ کی فتح سے کم سنسنی خیز ہے کیا۔

عمران خان کی شادی سے ایک قومی مسئلہ اور بھی حل ہوسکتا ہے، اپنے شیخ رشید ابھی تک ویلے ہیں، ہوسکتا ہےعمران خان کی سیاست سے متاثر اپنے شیخو جی ذاتی زندگی میں بھی انکی  پیروی کرڈالیں، مطلب شادی کرلیں، اس طرح سے پنڈی کی لال حویلی میں سرخ جوڑے میں کوئی آجائے گا، جسے دیکھ دیکھ اپنا شیخ شرمائے گا، یوں دونوں یاروں کے گھر میں تصویر کائنات کے رنگ بکھر جائیں گے، ویسے یہ رنگ دو تین سے زیادہ نہ ہوں، ورنہ پوری پینٹنگ کا ہی حشر نشر ہو جائے گا۔

اب اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ یہ شادی عمران خان کو راس آئے گی کہ نہیں، وہ وزیراعظم بن سکیں گے یا شیروانی صرف شادی کے ہی کام آئے گی، بشرٰی بی بی انکی زندگی میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہونگی یا پھر جلد ہی لوکے تھپیڑے سب کچھ جھلسادیں گے، پیش گوئی کوئی بھی کرے لیکن ایک بات اور بھی ہے بھابھی اول جمائما خان نے اگلے الیکشن پر پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا، اب خان صاحب کی شادی کے بعد بھی کیا وہ پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کے لئے اتنی تکلیف اٹھائیں گی، یہ بات یاد رہے کہ ریحام سے چیئرمین پی ٹی آئی کی شادی کے بعد جمائما نے اپنے نام سے خان کا لفظ نکال دیا تھا۔

ایک بات اور بھی ہے کہ جہانگیر ترین سمیت عمران خان کی کچن کیبنٹ کا کیا بنے گا، ریحام نے تو ان سب کو بنی گالا سےآؤٹ کر دیا تھا، پھرنتیجہ بھی بُھگتا، اب دیکھنا یہ ہے کہ نئی بھابھی دیوروں اورجیٹھوں کی انٹری تو بند نہیں کروادیں گی، ویسے نندجی شیریں مزاری کے ہوتے یہ ہونا بےحد مشکل ہے، پھرایک خدشہ اور بھی ہے، بشرٰی بھابھی روحانیت سے بےحد قریب ہیں، کہیں پی ٹی آئی کی سیاست کا رخ ہی نہ موڑ دیں، جمائما خان کو پاکستان بلانے والے سابق جنونی سلمان احمد انکے پہلے ساتھی ثابت ہوسکتے ہیں، ایسی صورت میں عمران خان ہیٹ ٹرک سے ڈبل ہیٹ ٹرک کی طرف کا سفر بھی شروع کرسکتے ہیں۔