Sunday, January 16, 2022  | 12 Jamadilakhir, 1443

امریکی گاؤں کی سیر اور خالص آئسکریم

SAMAA | - Posted: Apr 21, 2016 | Last Updated: 6 years ago
SAMAA |
Posted: Apr 21, 2016 | Last Updated: 6 years ago

1

گزشتہ سال موسم گرما امریکا میں گزارنے کا موقع ملا، وہاں کی آب و ہوا، لوگوں کی خوش اخلاقی نے جہاں بہت متاثر کیا وہیں کھانے میں روزانہ نئے نئے ذائقے چکھنے کا بھی بھرپور موقع ملا، واشنگٹن ڈی سی میں شروع کے چند روز تو امریکی کھانے بالکل من کو نہ بھائے اور ہم پاکستانی یا انڈین ریستوران کی تلاش میں ہی مارے مارے پھرتے رہے، ایک ہفتے بعد امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ڈیٹن میں 3 ہفتوں کے قیام کیلئے آنا ہوا، جہاں امریکی نیوز چینل میں کام کے ساتھ نئے دوست بنانے کا بھی بھرپور موقع ملا، نیوز چینل میں سب سے پہلے ایک امریکی لڑکی راشدہ سے دوستی ہوئی، نام تو بالکل پاکستانیوں والا تھا لیکن شکل وضع قطع اور لہجہ ایک دم امریکی، راشدہ نے دوستی کا ہاتھ بڑھایا اور ساتھ ہی دفتر کے بعد ایک قریبی گاؤں کی سیر کی دعوت بھی دیدی، میں نے بھی خوشی خوشی دعوت قبول کی۔

1a

دفتر سے فراغت ملتے ہی راشدہ کیساتھ یلیو اسپرنگ نامی گاؤں کی جانب روانہ ہوگئے، امریکی گاؤں میں عوام تو عام دیہاتوں کی طرح سادہ ہی تھے لیکن وہاں کی صفائی اور خوبصورتی بڑے بڑے شہروں جیسی تھی، کہیں کمہار کی خوبصورت سی دکان تھی تو کہیں گلاس آرٹسٹ کی ورکشاپ۔

گاؤں کی سیر کے بعد راشدہ ایک ڈیری فارم پر لے گئی، جہاں کئی خوبصورت سی بکریاں اور گائیں گھاس چر رہی تھیں، راشدہ نے بتایا کہ یہاں کی آئسکریم اور ڈیری مصنوعات بہت خاص ہیں، کیونکہ یہاں آئسکریم کی تیاری انہی بکریوں اور گائے کے تازہ دودھ سے کی جاتی ہے۔

 ڈیری فارم کے احاطے میں ہی ایک خوبصورت سا ریسٹورنٹ اور آئسکریم پالر موجود تھا، آئسکریم شاپ کے اندر داخل ہوئی تو عوام کا رش دیکھ کر راشدہ کی بات سچ ثابت ہوتی دکھائی دی۔

1b

 شاپ پر موسمی پھلوں کے فلیورز سے لیکر شکر قندی، پودینے، اخروٹ، حلوہ کدو، دار چینی اور لیموں کی آئسکریم تک موجود تھی، گاہکوں کو آرڈر فائنل کرنے سے پہلے مخلتف فلیورز چکھائے جا رہے تھے، جس کے بعد ہر کوئی اپنے پسندیدہ فلیورز بسکٹ کون یا کپ میں ڈلوا رہا تھا، آئسکریم کی طرح کون بسکٹ بھی مختلف فلیورز میں رکھے گئے تھے۔

میں نے سوچا کہ نا جانے امریکی کھانوں کی طرح ان کی آئسکریم بھی کیسی ہو گی لہٰذا بڑی کون کی بجائے چھوٹی آئسکریم خریدی جائے لیکن راشدہ نے میرے ارادے کو بھانپتے ہوئے فوراً سے کہا کہ بڑی آئسکریم خریدنا ورنہ بعد میں پچھتاؤ گی، میں نے راشدہ کے تجربے کا احترام کرتے ہوئے بڑی آئسکریم تیار کروانے کا ہی سوچا اور 5 ڈالر ادا کرکے بلیک رس بیری کیساتھ آڑو فلیور مکس کروایا۔

1c

آئسکریم دیکھنے میں جتنی لاجواب تھی، ذائقے میں اتنی ہی بے مثال، آئسکریم چکھتے ہی احساس ہوگیا کہ خالص اور تازہ چیز کا اپنا ہی مزا ہوتا ہے، آئسکریم چکھنے کے ساتھ ہی میں نے راشدہ کو داد دی کہ اچھا کیا تم نے مجھے بڑی آئسکریم لینے کی تاکید کی، امریکی ڈیری فارم کی آئسکریم کھا کر احساس ہوا کہ پہلے تو پتہ نہیں آئسکریم کے نام پر کیا کیا کھاتے رہے۔

1d

آئسکریم کھاتے کھاتے راشدہ کیساتھ فارم کی سیر کی، جہاں بچوں اور فیملیز کیساتھ کھیل کود اور تفریح کا بھرپور انتظام تھا، امریکی ریاست اوہائیو کے چھوٹے سے گاؤں کی آئسکریم کھائے قریباً ایک سال گزر گیا لیکن آج بھی اس کا نا صرف ذائقہ یاد ہے بلکہ امریکا سمیت کہیں اور سے ویسی آئسکریم دوبارہ کھانے کو ابھی تک نہیں ملی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube