Sunday, January 16, 2022  | 12 Jamadilakhir, 1443

ہیں تلخ بہت بندہ مزدور کے اوقات

SAMAA | - Posted: Feb 16, 2016 | Last Updated: 6 years ago
SAMAA |
Posted: Feb 16, 2016 | Last Updated: 6 years ago

samra1

تحریر: ثمرہ افضل

 باجی ! یہ جو پیٹ کی دوزخ ہے نہ، اسے بھرنے کیلئے انسان کچھ بھی کرسکتا ہے، میں تو پھر صرف سرد خانے میں مزدوری ہی کررہا ہوں، سخت سردی میں کمر پر 135 کلو وزنی سیبوں کی پیٹیاں لاد کر کولڈ اسٹوریج کی جانب بڑھتا ہوا شکیل احمد بولا۔

اڑتیس سالہ شکیل گزشتہ 23 سال سے معمولی اُجرت کے عوض منفی ایک ڈگری سے بھی کم درجہ حرارت والے کولڈ اسٹوریج میں مزدوری کررہا ہے، شدید ٹھنڈ میں جہاں ہر کوئی ہیٹر یا گرم انگیٹھی کے قریب ترین بیٹھنا پسند کرتا ہے، وہیں پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء کو محفوظ رکھنے والے کولڈ اسٹورز میں کام کرنیوالے مزدوروں کو یخ بستہ ماحول میں مزدوری کرنی پڑتی ہے۔

samra3

 لہو جماتی ٹھنڈ میں پھلوں کی پیٹیوں کو ٹرکوں سے اتارتے یا لادتے ہوئے اکثر مزدوروں کے ہاتھوں کی انگلیاں جواب دے جاتی ہیں، سامان اٹھانے کی وجہ سے یہ مزدور زیادہ موٹے کپڑے بھی نہیں پہن سکتے کیونکہ جیکٹس یا گرم چادر اکثر سامان اٹھانے کی راہ میں مشکل حائل کرتی ہے۔  کولڈ اسٹورز میں پھلوں، سبزیوں، مٹھائیوں، ڈیری پراڈکٹس اور دیگر کئی اشیاء کو مہینوں سے لیکر کر سالوں تک ٹھنڈک میں محفوظ رکھا جاتا ہے۔

samra2

ہمت سے زیادہ وزن اور برداشت سے زیادہ سردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ان مزدوروں کو دیسی گھی، خشک میوہ جات اور دودھ کی ضرورت پڑتی ہے لیکن محدود آمدنی اتنی خوش خوراکی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

 صرف سردیوں میں ہی نہیں بلکہ موسم گرما میں بھی ان مزدوروں کو روٹی کمانے کیلئے خوب ہمت دکھانی پڑتی ہے، گرمیوں میں جب آگ برساتے سورج کی تپش سہتے ہوئے ٹرکوں سے سامان اتارتے ہیں تو اگلے ہی لمحے منوں وزن اٹھا کر منفی درجہ حرارت کے کولڈ روم میں سامان رکھنا پڑتا ہے، جسم کے گرم اور سرد ہونے سے ان مزدوروں کے بیمار ہونے کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

samra4

محنت کشوں کو ٹرک سے ایک بوری 5 منزلہ سرد گودام میں پہنچانے کے 16 روپے اور ایک کریٹ کے 10 روپے ملتے ہیں، مزدوروں کا مطالبہ ہے کہ اُجرت نہیں بڑھانی تو کم از کم کولڈ اسٹوریج مالکان بوری اور کریٹ کا زیادہ سے زیادہ وزن 100 کلو گرام تک مقرر کریں، کیونکہ 135 یا 150 کلو وزنی بوری اٹھا کر سیڑھیاں چڑھنا یا اُترنا خاصا مشکل کام ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube