اردن کی مسلح افواج نے شام سے داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 27 منشیات اسمگلروں کو ہلاک کر دیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق آرمی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسمگلروں نے امفیٹامین نامی منشیات برفانی طوفان کے دوران شام سے اردن لے جانے کی کوشش کی جبکہ زندہ بچ جانے والے واپس شام فرار ہوگئے۔
فوج کو اردن کی مرکزی سرحدی گزرگاہ سے خلیجی علاقے میں جانے والے شامی ٹرکوں میں چھپائی گئی امفیٹامین منشیات کی بڑی مقدار بھی ملی ہے۔
اردن کے حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی اسمگلنگ کے پیچھے ایران کی حمایت یافتہ لبنانی گروپ حزب اللہ اور جنوبی شام کے زیادہ تر حصے پر قابض ملیشیا کا ہاتھ ہے۔ تاہم، حزب اللہ ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔
امفیٹامین کی خلیج میں ایک فروغ پزیر مارکیٹ ہے اور اقوام متحدہ کے منشیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک دہائی کی خانہ جنگی سے تباہ ہونے والا شام منشیات کے لیے خطے کا اہم پیداواری مقام بن گیا ہے۔