بلال سعید اپنے نئے گانے ‘ جدائیاں’ کی میوزک ویڈیومیں مداحوں کے لیے کچھ نیا لارہے ہیں۔
گلوکار نے انسٹاگرام پرجدائیاں کا پوسٹرشیئرکرتے ہوئے بتایا کہ نئے گانے کی میوزک ویڈیو میں اُن کے ساتھ بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی بہن ازابیل کیف نظرآئیں گی۔
یہ گانا بلال سعید اوربرطانیہ سے تعلق رکھنے والے پنجابی گلوکار ایزو کی مشترکہ کاوش ہے جسے 14 اکتوبر کو ریلیز کیا جاچکا ہے تاہم میوزک ویڈیو کل جاری کی جائے گی۔
جُدائیاں کی موسیقی ایزونے ترتیب دی ہے جبکہ اس کے بول ایزو، بلال سعید اور پرنس دی آرٹسٹ سنگھ کی مشترکہ کاوش ہیں۔
یو ٹیوب پر پنجابی اور انگریزی زبان میں اس گانے کو اب تک 7 لاکھ 67 ہزار سے زائد افراد سُن چکے ہیں۔
کترینہ کی بہن ازابیل نے بھی انسٹاگرام فالوورزکواس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ ایزو اور بلال سعید کے ساتھ ان کی میوزک ویڈیو کل ریلیز ہوگی۔
رقص میں مہارت رکھنے والی ازابیل کیف، کترینہ کی چھوٹی بہن ہیں جو2021 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘ ٹائم ٹو ڈانس ‘سمیت کئی فلموں اور میوزک پراجیکٹس میں صلاحیتوں کے جوہردکھا چکی ہیں۔