Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

یوکرائن پر روسی حملہ دنیاکو بدل کررکھ دے گا،امریکی صدر

SAMAA | - Posted: Jan 26, 2022 | Last Updated: 4 months ago
SAMAA |
Posted: Jan 26, 2022 | Last Updated: 4 months ago

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ یوکرائن پر روسی حملہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے بڑا حملہ بن سکتا ہے جو دنیا کو بدل کر رکھ دے گا۔

صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ نیٹو اتحادیوں کے لیے امریکا کی ایک مقدس ذمہ داری ہے اور اگر روس کی جانب سے فوجیوں کے اجتماع کا سلسلہ جاری رہا یا پھر اس کی جانب سے کوئی اقدام کیا گیا، تو ان فوجیوں کو ضرورت کے مطابق تعینات کیا جا سکتا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی فوجیوں کو یوکرائن بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوٹن جو بھی اقدام کریں گے اس کے سنگین معاشی نتائج برآمد ہوں گے تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ وہ کیا اقدامات کرتے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے امریکی حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے کہ اگرجنگ کی صورت میں روس یورپی ممالک کو اپنی گیس کی سپلائی اور فراہمی منقطع کر دیتا ہے تو اس صورت میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے دیگر ممالک سے بھی بات چیت جاری ہے۔

صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ یوکرائن پر روسی حملے کی صورت میں واشنگٹن روسی صدر ولادمیر پوٹن پر بھی ذاتی پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔

خیال رہے کہ یوکرائن کی سرحد کے آس پاس موجود روسی جنگی دستوں نے اپنی مشقیں شروع کر دی ہیں تاہم روس کا کہنا ہے کہ وہ یوکرائن پرحملہ نہیں کرے گا۔ پیر کے روز پینٹاگون نے کہا تھا کہ یوکرائن کشیدگی کے پیش نظر ساڑھے 8 ہزار امریکی فوجیوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube