بالی ووڈ کی معروف جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل کے پاس شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کے علاوہ بھی اپنے مداحوں کے ساتھ شیئرکرنے کے لیے کافی کچھ ہے۔
سال 2021 کی یہ اہم ترین شادی 9 دسمبرکوسوائی مادھو پورمیں واقع سکس سینس فورٹ باوارہ نامی ریزورٹ میں ہوئی تھی جس میں صرف فیملی اورقریبی احباب ہی شریک ہوئے،شادی کے بعد یہ جوڑا مختصر ہنی مون کے لیے مالدیپ روانہ ہوا تھا۔
اس جوڑی کو شادی کے بعد پہلی بار15 دسمبرکوائرپورٹ پردیکھاگیا تھا، شادی کے ہنگاموں سے فارغ ہونے کے بعد دونوں ہی اپنے شوٹنگ شیڈول میں مصروف ہیں۔
وکی کوشل ان دنوں سارہ علی خان کےساتھ رومانوی کامیڈی کی شوٹنگ کروارہے ہیں، یہ ان دونوں کا ایک ساتھ پہلا پروجیکٹ ہوگا، دوسری جانب کترینہ بھوت پولیس میں سدھانت چترویدی اورایشان کھترکے ساتھ نظرآئیں گی۔
اداکارہ نے گزشتہ روز مالدیپ کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اپنے فالوورز کے لیے تصاویرشیئرکی ہیں، اداکارہ نے کیپشن میں مالدیپ کی خوبصورتی کو اپنے لیے ‘ہیپی پیلس’ قراردے دیا۔
اطلاعات ہیں کہ کترینہ اور وکی فرحان اختر کی فلم ‘جی لےذرا’ میں ایک ساتھ نظرآئیں گے، میگا کاسٹ میں عالیہ بھٹ اور پریانکا چوپڑابھی شامل ہیں، فلمی ناقدین اس جوڑی کی ایک ساتھ کاسٹ کو فلمسازوں کے لیے ‘مارکیٹنگ ڈریم’ قراردے رہے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات یہ بھی ہیں کہ حال ہی میں سیروگیٹ بچے کی والدہ بننے والی پریانکا اس پروجیکٹ سے باہرہوسکتی ہیں۔
وکی کوشل نے بالی ووڈ میں کیریئرکا آغاز سال 2015 میں فلم مسان سے کیا تھا، جس کے بعد وہ سنجو، رازی اوراُڑی سمیت کئی ہٹ فلموں میں نظر آئے۔ انہیں آخری بار فلم سردارادھم میں دیکھا گیا تھا۔
کترینہ کپور کی نئی آنے والی فلم ٹائیگرتھری ہے جس میں وہ سلمان خان کے ساتھ نظرآئیں گے۔