سندھ حکومت نے اتوار سے سات روز کے لیے سمندر میں ماہی گیری اور نہانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں بالخصوص ساحلی علاقوں میں تیز ہواوں کے باعث سمندری لہروں میں تیزی آئی ہے، پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق تیز سمندری لہروں سے ماہی گیروں اور تفریحی مقاصد کے لیے ساحلوں پر جمع ہونے والے لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کیخلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ ہفتے کو ٹھٹھہ میں تین کشتیاں الٹ گئیں تھی جس میں 40 کے قریب ماہی گیر سوار تھے۔ حکام کے مطابق سمندر سے ایک ایک لاش نکال لی گئی اور 28 ماہی گیروں کو زندہ بچا لیا گیا۔