اداکار عثمان مختار نے سابقہ اداکارہ نیمل خاور کے ساتھ اپنے تعلقات کے متعلق لب کشائی کی ہے۔
عثمان مختار نے حال ہی میں ٹونی ٹی اینڈ کمپنی کو انٹرویو دیتے ہوئے مختلف موضوعات پر گفتگو کی اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اصل زندگی میں میرے اور نیمل کے درمیان کوئی رومانوی تعلقات نہیں تھے بلکہ ہمارا رشتہ بھائی بہن جیسا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ نیمل اور میں ایک دوسرے کو بہت پہلے سے جانتے تھے لیکن اسکرین کے کرداروں کو ذاتی زندگی میں بھی اسی نظر سے دیکھنا بہت غلط ہے۔
اداکار نے بتایا کہ جب نیمل کی شادی ہوئی تھی تو لوگ میرے پاس آتے تھے اور مجھ سے یہی سوال پوچھتے تھے کہ کیا میں اداس ہوں یا پریشان کیونکہ نیمل کی حمزہ سے شادی ہو رہی ہے اور مجھے اس سوال کی وجہ سے لوگوں پر غصہ آتا تھا۔ میں نے نیمل کی شادی کی تصویر اپ لوڈ کی تو 10 سے 15 منٹ کے اندر سوشل میڈیا پر سینکڑوں میمز گردش کرنے لگے۔
انٹرویو میں عثمان مختار کا کہنا تھا کہ مجھے کبھی وہ شہرت اور نام نہیں ملا جس کا میں خواہشمند تھا، اداکاری کے بعد مجھے وہ شہرت ملی جو اس سے پہلے مجھے کبھی نہیں ملی تھی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی پہچان اور کیریئر میں آگے بڑھنے کے لئے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ انہیں ایسے منفرد اور متاثر کن کرداروں کی تلاش رہتی ہے جو مشکل سے ہی ملتے ہیں ۔