Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

ملک میں کوئی ایمرجنسی نہیں لگ رہی،شیخ رشید

SAMAA | - Posted: Jan 16, 2022 | Last Updated: 4 months ago
SAMAA |
Posted: Jan 16, 2022 | Last Updated: 4 months ago

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بطور وزیر داخلہ مجھے ملک میں کسی ایمرجنسی کے لگنے کی اطلاعات نہیں، عمران خان اپنے 5 سال پورے کریں گے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بطور وزیر داخلہ ملک کیلئے 3 سے 4 ماہ اہم ہے، وزیر داخلہ کی حیثیت سے ملک میں کسی ایمرجنسی لگنے کی اطلاعات نہیں،

شیخ رشید نے کہا کہ چاروں شریف سیاست سے مائنس ہیں، اپوزیشن شکست کھائے گی، جب کہ اپریل کے بعد صورت حال میں بہتری آئے گی، ہم اچھا بجٹ دینگے، اپریل کے بعد حالات ٹھیک ہوجائیں گے، بلدیاتی انتخابات ہوں گے اس کے بعد عام انتخابات بھی ہوں گے، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔

نہ ڈیل نہ ڈھیل

ڈیل سے متعلق کیے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، پہلے شاید ڈھیل کی بات تھی اب ڈھیل بھی نہیں ہوگی۔ اپوزیشن اندھی وہیل مچھلیوں کی طرح ان ہاؤس تبدیلی کے خواب دیکھ رہی ہے، ان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ جو لوگ بیمار ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں، حقیقت میں بیمار ہوجاتے ہیں۔ شہباز شریف عمران خان کیلئے ڈراونا نہیں سہانا خواب ہیں۔

مارچ 23 کی پریڈ

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دو کی بجائے 3 مارچ کر لے، کچھ نہیں ہوگا۔ 23 مارچ کو پریڈ میں آپ کے جلوسوں سے زیادہ لوگ ہونگے۔ 23 مارچ کو عوام کا سمندر ہوگا، وزرات داخلہ راستے کھلے رکھے گی قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے تو راستے کھلے رہیں گے، انہیں کووڈ کا خیال رکھنا چاہیے اور قانون کا احترام کرنا چاہئے۔

وزیر داخلہ کے مطابق فنانس بل پاس ہوگیا اور ان کے ممبران کم ہوگئے، یہ کہتے ہیں کہ فنانس بل اس لیے پاس ہوا کہ فون کال آئی، ان سے کہتا ہوں کہ عدم اعتماد لائیں پھر 25 ممبران کم ہوں گے ہھر یہ کہیں گے فون کال سے ہوا، پارٹیوں میں ہلکی پھلکی موسیقی ہوتی رہتی ہے۔

جے 10 سی

اس موقع پر انہوں نے نئے طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کو جے 10سی طیارے فلائی پاسٹ کریں گے۔ جس کے بعد بھارت کے سینے پر مونگ دلی جائے گی۔

مری واقعہ

مری واقعہ پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ مری کی صورت حال کو خود مانیٹر نہ کرتا تو 30 سے 40 لوگ مرجانے تھے۔ کوئی چیز اپنی جگہ پر نہیں تھی، رینجرز نے گاڑیوں کے داخلے کو فوری روکا۔ اپنی فورسز کو مری میں استعمال کرکے مزید ہلاکتوں سے بچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ الله نے یہ کام مجھ سے لیا اور میں نے مری جاکر وزیراعظم کی منظوری سے فوج رینجرز کو بلا کر مری میں استعمال کیا، 23 افراد کی اموات بڑا واقعہ ہے، مری میں اب صوبائی معاملہ ہے۔

شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن شکست کھائے گی،حکومت5سال پورے کرے گی، عمران خان کہہ چکے ہیں 2،3مہینے اہم ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں میں سے نہیں جو طیاروں میں بیٹھ کر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ چھانگا مانگا یا مری چلے جائیں، ہم پنڈی والے ہیں، یہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ فون کالز پر فنانس بل پاس ہوا تو انہیں انتظار کرنا چاہیئے۔

انتظامیہ ناقص کارکردگی پر انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی میں کچھ افراد ہیں جو روڑے اٹکاتے ہیں، انہیں بھی دیکھ لیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف میں 23 ویں دفعہ گئے ہر دفعہ آئی ایم ایف سخت ہوتا ہے، ان کی سختی اس لیے ہوئی کہ خزانے پر بوجھ زیادہ ہیں

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube