Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

مری میں سیاحوں کو داخلے کی مشروط اجازت

SAMAA | - Posted: Jan 15, 2022 | Last Updated: 4 months ago
SAMAA |
Posted: Jan 15, 2022 | Last Updated: 4 months ago

ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے پاکستان کے مشہور سیاحتی مقام مری میں سیاحوں کے داخلے پر عائد پابندی جزوی طور پر ہٹالی۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو مری میں داخلے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے 7 جنوری 2022ء کو مری میں شدید برفباری کے بعد کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہنے والی گاڑیوں میں بچوں اور خواتین سمیت 23 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد حکومت نے مری میں گاڑیوں پر داخلے پر پابندی لگادی تھی۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مری میں داخلے کیلئے سیاحوں کو مشروط اجازت دی گئی ہے، جس کے مطابق مری میں سیاحوں کے داخلے کی مشروط اجازت 14 جنوری کو ہونیوالے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی روشنی میں دی گئی ہے۔

تفصیلات جانیے: مری میں برفباری کے دوران اموات 23ہوگئیں، ایمرجنسی نافذ

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مری میں 17 جنوری سے روزانہ صرف 8 ہزار گاڑیاں داخلے ہوسکیں گی تاہم صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک سیاح مری میں داخل ہوسکیں گے، شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مری میں سیاحوں کا داخلہ بدستور بند رہے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق مری اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے رہائشیوں کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی نہیں ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی مری ٹریفک پلان ترتیب دیں گے، حد سے زائد گاڑیوں کو روکنے کی ذمہ داری بھی چیف ٹریفک آفیسر کی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایکسیئن مکینیکل مشینری اور چیف ٹریفک آفیسر محکمہ موسمیات سے مکمل رابطے میں رہیں گے، مری میں چیف ٹریفک آفیسر، سٹی پولیس آفیسر مناسب نفری تعینات کرنے کے پابند ہوں گے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube