الاہور میں انسدادہشت گردی کی عدالت نے جوہر ٹاؤن دھماکا کیس کا فیصلہ سنادیا۔ اے ٹی سی نے 4 مجرمان کو 9، 9 بار سزائے موت جبکہ خاتون ملزمہ کو 5 سال قید کی سزا سنادئی۔
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 23 جون 2021ء کو دھماکا ہوا تھا، جس میں 3 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے بدھ کو کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کا فیصلہ سنایا، سیکیورٹی خدشات کے باعث مقدمے کا ٹرائل جیل میں مکمل کیا گیا۔
اے ٹی سی نے ملزم عید گل، سجاد شاہ، پیٹر پال اور ضیاء اللہ کو 9، 9 بار سزائے موت سنائی جبکہ واقعے میں ملوث ملزمہ عائشہ کو 5 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
جوہر ٹاؤن دھماکے کے کیس میں 56 گواہوں نے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے، ملزمان نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کیا۔